شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے غیرملکی وفود کے پاکستان پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، پہلے مرحلے میں بھارت، روس، چین، کرغستان اور ایران کے وفود پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایس سی او اجلاس، سفارتکاروں کو ڈپلومیٹک انکلیو میں رہنے کی ہدایت
اتوار کو ایئر پورٹ سے جاری معلومات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے روس کا 76 رکنی، بھارت کا 4 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے، معزز مہمانوں کا ایئر پورٹ پر سرکاری حکام نے استقبال کیا۔
اسی طرح چین کا 15رکنی، ایران کا 2 رکنی اور کرغزستان کا 4 رکنی وفد بھی اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ ابھی تک شنگھائی تعاون تنظیم کے 7 نمائندے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایس سی او سمٹ: اسلام آباد پولیس نے جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا
ادھر ایس سی او سمٹ 2024کے لیے اسلام آباد پولیس نے ایک جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ سمٹ وینیوز، ایئر پورٹس، نور خان ایئر بیس سمیت روٹس اور فنل ایریاز، ہوٹلز اور وفود کی رہائش گاہوں پر سیکیورٹی ڈیوٹیز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ایس سی او سمٹ 2024 اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے۔ ٹریفک کا مربوط اور جامع پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کم سے مشکلات کا سامنا ہو۔
مزید پڑھیں:ایس سی او کانفرنس: اسلام آباد پولیس کی فل ڈریس ریہرسل
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ تمام غیر ملکی سربراہان، وفود اور غیر ملکی مہمانوں کی بھرپور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پولیس کے ساتھ وزارت خارجہ، ضلعی انتظامیہ، پاکستان آرمی، رینجرز، ایف سی اور دیگر صوبائی پولیس، انٹیلیجنس ایجنسیاں، ٹریفک پولیس اور اسپیشل برانچ کے افسران و جوان بھرپور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔