حکومت پنجاب نے اجتماعی شادیوں کے لیے ’پنجاب دھی رانی‘ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے اور اس پروگرام کے تحت درخواستوں کی وصولی بھی شروع کردی گئی ہے۔
پنجاب دھی رانی پروگرام میں شمولیت کے لیے درخواستیں آن لائن cmp.punjab.gov.pk پر جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ پنجاب دھی رانی پروگرام کے لیے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر ہیلپ لائن 1312 بھی قائم کر دی گئی ہے۔ دھی رانی پروگرام میں شفافیت کے لیے درخواست دہندگان کی خصوصی ٹیمیں گھر جا کر تصدیق کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے تاریخی پروگرام کی منظوری، دلہن کو کتنی سلامی ملے گی؟
سلامی کے علاوہ اور کیا ملے گا؟
دھی رانی پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اجتماعی شادی میں نئے جوڑوں کو اے ٹی ایم کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی دی جائے گی، ہر جوڑے کے 20 مہمانوں کو کھانا بھی پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ضروری فرنیچر، گھریلو استعمال کے برتن، کپڑے اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کا تحفہ بھی پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ’چیف منسٹر اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام‘ کا آغاز، کتنی طالبات شامل ہوئیں؟
یاد رہے کہ 9 اکتوبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اجتماعی شادیوں کے سب سے بڑے تاریخی پروگرام کی منظوری دی گئی تھی۔ پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے صوبائی کابینہ نے مذکورہ پروگرام میں 3 ہزار غریب خاندان کی بچیوں کی اجتماعی شادی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں نئے شادی شدہ جوڑوں کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی دی جائے گی۔