زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے منگل کے روز نیروبی میں افریقہ سب ریجنل ورلڈ کپ کوالیفائر میچ کے دوران گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 انٹرنیشنل میں 2 ریکارڈ ایک ایک ساتھ اپنے نام کیے ہیں۔
زمبابوے نے گیمبیا کے خلاف میچ میں مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے، جو کہ ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل نیپال نے 2023 میں منگولیا کے خلاف 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے تھے، نیپال کے ریکارڈ کو اب زمبابوے نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کی جیت کا جشن پھیکا پڑگیا، بھارت کو زمبابوے کے ہاتھوں پہلے ٹی20 میں شکست
زمبابوے کی اس شاندار اننگز میں ریکارڈ توڑ 27 چھکے شامل تھے، جس نے نیپال کے منگولیا کے خلاف 26 چھکوں کے سابقہ ریکارڈ کو توڑ بھی توڑ دیا۔
زمبابوے نے ایک ٹی20 اننگز میں سب سے زیادہ 30 چوکے لگانے کا ریکارڈ برابر کیا، یہ ریکارڈ اس سے قبل 2007 میں کینیا کے خلاف ایک میچ میں سری لنکا نے قائم کیا تھا۔
زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے 43 گیندوں پر ناقابل شکست 133 رنز بنائے، سکندر رضا نے 33 گیندوں کی سنچری بنائی، اس سے قبل نمیبیا کے جان نکول لوفٹی ایٹن نے دوسری تیز ترین ٹی20 سنچری بنائی تھی، جنہوں نے 33 گیندوں میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
ٹی 20 انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ایسٹونیا کے ساحل چوہان کے پاس ہے، جنہوں نے قبرص کے خلاف 27 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان 2022 میں زمبابوے سے ہار کر بھی فائنل کھیل گیا تھا، روہت شرما
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی 20 میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والی ٹیموں میں دو ایسی ٹاپ ٹیمیں شامل ہیں جو ٹیسٹ نہیں کھلتی، جبکہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والی ٹیموں میں انڈیا واحد ملک ہے جس کی ٹی 20 ٹیم نے ٹی 20 کی تاریخ کا تیسرا بڑا اسکور کیا ہے۔
انڈیا نے رواں مہینے 12 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 6 وکٹ پر 297 رنز بنائے تھے۔
سب سے بڑے مارجن سے فتح
دوسری جانب زمبابوے نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، وہ یہ ہے کہ زمبابوے نے گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دی ہے، زمبابوے کے 344 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گیمبیا کی پوری ٹیم 54 رنز پر ڈھیر ہوگئی، زمبابوے کی 290 رنز کے مارجن کی فتح سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی جیت کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا ہے، اس سے قبل نیپال نے منگولیا کے خلاف 273 رنز سے فتح سمیٹی تھی۔