ایم ڈی کیٹ امتحان پاس کرنے والے طلبہ ایک اور مشکل میں پھنس گئے

منگل 29 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایم ڈی کیٹ امتحان میں زیادہ نمبر لے کر کامیاب ہونے والے طلبہ کو ایف آئی اے سائبر کرائم نے بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کرلیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کی جانب سے ایم ڈی کیٹ امتحان میں 97 فیصد نمبرز لینے والے طلبہ کو طلبی کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ طلبہ یکم نومبر کو دن 12 بجے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں پیش ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ کی میرٹ لسٹ شائع کرنے سے روک دیا

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عملی طور پر یہ ممکن نہیں کہ کوئی بھی طالب علم اتنے زیادہ نمبر حاصل کرے، شکوک و شبہات ہیں کہ طلبہ پرچہ لیک ہونے میں ملوث ہیں اور وہ پرچہ لیک ہونے سے متعقل حقائق سے بھی بخوبی آگاہ ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شفاف تحقیقات کے لیے طلبہ کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا، جبکہ سائبر کرائم کے دفتر میں طلبہ کا فرضی امتحان بھی لیا جاسکتا ہے۔

سائبر کرائم حکام کا کہنا ہے کہ پرچہ لیک کرنے والوں کے خلاف دستیاب شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ادھر سندھ ہائیکورٹ کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی ایم ڈی کیٹ کا امتحان دوبارہ لینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ امتحان دینے والے طلبہ کو ریلیف مل گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑا حکم جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک صفحے پر مشتمل مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی رپورٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ پیپر میں سوالات کورس میں سے نہیں تھے، اس لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی ایک ماہ میں دوبارہ ٹیسٹ لے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ امتحان پر سوالات اٹھ گئے، اسلام آباد میں طلبا و طالبات کا احتجاج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ امیدواروں سے 8 ہزار روپے فیس پہلے ہی لی جاچکی ہے، اس لیے دوبارہ بوجھ نہ ڈالا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp