پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 203 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ کپتان محمد رضوان 44، نسیم شاہ 40 اور بابراعظم 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مچل اسٹارک 33 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
.@iNaseemShah makes a valiant 40 featuring four sixes as Pakistan make 203 🏏
Over to the bowlers ☄️#AUSvPAK pic.twitter.com/zDFWA3OQIG
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 4, 2024
جواب میں آسٹریلیا نے 33.3 اوورز میں (99 گیندوں قبل) 8 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنا کر ہدف پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش انگلس 49، اسٹیون اسمتھ 44 اور پیٹ کمنز 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں:مجھے یقین ہے کہ بابر اعظم کے حق میں ٹوئیٹ فخر زمان نے خود نہیں لکھی، وسیم اکرم
مچل اسٹارک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرا ون ڈے میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔
آخر میں کچھ موقع گنوائے ورنہ نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا، محمد رضوان
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے میچ سے قبل فیصلہ کیا تھا کہ کنڈیشنز اور صورتحال کے بارے میں سوچے بغیر میدان میں اتریں گے اور اگر اللہ نے چاہا تو جیت ہمارا مقدر ہوگی، فائٹ کرنا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارے ہاتھ تھا جو ہم نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بطور کپتان پہلے میچ میں تجربہ اچھا رہا، اس طرح کے میچز میں آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم نے بہت کچھ سیکھا، دونوں ٹیموں کے بولرز کو کریڈٹ دینا چاہیے، بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کی سپورٹ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شائقین صرف پاکستان میں ہی نہیں ہر جگہ سپورٹ کرتے ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کے 4 بولرز نے بولنگ کی، حارث رؤف نے شاندار بولنگ کی، ہم نے 4 بولرز سے ہی بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، ہمیں پانچویں یا چھٹے بولر کی ضرورت نہیں تھی، میچ کے آخر میں ہم سے کچھ موقع ضائع ہوئے وگرنہ میچ کا نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔
آسٹریلیا اننگز
پاکستان کے 203 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں 19 کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گرگئی۔ اوپنر میتھیو شارٹ 4 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ نسیم شاہ کے پھینکے گئے اگلے ہی اوور میں دوسرے آسٹریلوی اوپنر جیک فریزر مکگرک عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 14 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کے تیسرے کھلاڑی اسٹیون اسمتھ تھے جو 16ہویں اوور میں حارث رؤف کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں 46 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ 20ویں اوور میں آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 139 تھا اور جوش انگلس نصف سینچری بنانے سے صرف ایک رن کے فاصلے پر تھے، لیکن شاہین شاہ آفریدی نے انہیں روک دیا اور وہ 42 گیندوں پر 49 رنز بنا کر عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اکیسواں اوور پھینکنے کے لیے حارث رؤف آئے اور اوور کی پہلی 2 گیندوں پر 2 آسٹریلیوی بلے بازوں کو آؤٹ کردیا۔ مارنوس لابوشین 13 گیندوں پر 16 رنز بناکر عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی بال پر گلین میکس ویل صفر پر آؤٹ ہوگئے، ان کا کیچ کپتان و وکٹ کیپر محمد رضوان نے پکڑا۔ 25ویں اوور کے آغاز میں 155 کے مجموعی اسکور پر ایرون ہارڈی 19 گیندوں پر 10 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
30ویں اوور میں 185 کے مجموعی اسکور پر شین ایبٹ شاہین شاہ آفریدی کی بال پر رن لیتے ہوئے آغا سلمان کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 19 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ پیٹ کمنز نے 31 گیندوں پر 32 رنز جبکہ مچل اسٹارک نے 12 گیندوں پر 2 رنز بنائے، دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان اننگز
قبل ازیں، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم دوسرے اوور کی چوتھی بال پر پاکستان کی پہلی گر گئی۔ صائم ایوب 5 گیندوں پر ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
کچھ ہی دیر بعد پاکستان نے دوسری وکٹ بھی گنوا دی۔ چھٹے اوور کی چوتھی بال پر جب پاکستان کا مجموعی اسکور 24 تھا تو عبداللہ شفیق بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 26 گیندوں پر 12 رنز بنائے اور مچل اسٹارک کی گیند پر جوش انگلش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابراعظم تھے جو 17ویں اوور میں 63 کے مجموعی اسکور پر ایڈم زمپا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انہوں نے 44 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔
اگلے اوور میں پاکستان کا مجموعی اسکور 70 ہوا تو کامران غلام بھی 6 گیندوں پر 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وہ پیٹ کمنز کی گیند پر جوش انگلش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی 5ویں وکٹ 27ویں اوور میں 101 کے مجموعی اسکور پر گری جب سلمان آغا 29 گیندوں پر 12 رنز بنا کر شین ایبٹ کی گیند پر میتھیو شارٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
مشکلات سے دوچار پاکستان ٹیم کو ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب 31.4 اوور میں 117 کے مجموعی اسکور پر کپتان محمد رضوان بھی آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان 71 گیندوں پر 44 رنز بنا کر مارنوس لابوشین کی گیند پر جوش انگلش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 36.4 اوورز میں 148 کے مجموعی اسکور پر شاہین آفریدی 19 گیندوں پر 24 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ نسیم شاہ نے 40 رنز بنائے جبکہ حارث رؤف صفر پر بولڈ ہوئے۔
عرفان نیازی اور صائم ایوب کو ون ڈے کیپ مل گئی
میچ شروع ہونے سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم سابق کھلاڑی وسیم اکرم نے پاکستانی پلیئرز عرفان نیازی اور صائم ایوب کو ون ڈے ڈیبیو کیپس پیش کیں۔
👏🏾 Wasim Akram presented ODI debut cap #243 to Irfan Niazi and ODI cap # 244 to Saim Ayub. #AUSvPAK pic.twitter.com/s7pLw6Whww
— Arfa Feroz Zake (@ArfaSays_) November 4, 2024
گزشتہ روز، قومی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان کیا تھا۔ کپتان محمد رضوان پہلی مرتبہ ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
The men’s national selection committee has confirmed Pakistan’s playing XI for the first ODI against Australia.#AUSvPAK pic.twitter.com/kxiX9E2OGc
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 3, 2024
پاکستان پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔
آسٹریلیا پلینگ الیون
آسٹریلیا پلیئنگ الیون، میتھیو شارٹ، جیک فریزر مکگرک، اسٹیون اسمتھ، جوش انگلس، مارنوس لابوشین، گلین میکسویل، ایرون ہارڈی، شین ایبٹ، کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور ایڈم زمپا۔
دورہ آسٹریلیا کا مکمل شیڈول
پاکستان کی کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرا ون ڈے میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 10 نومبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔
ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیمیں برسبین پہنچیں گی جہاں 3 ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 نومبر ،دوسرا ٹی20 میچ 16 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 میچ 18 نومبر کو بیلریو اوول ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔ ٹی20 سیریز کے تینوں میچز نائٹ ہوں گے اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔