پاکستان کی سپر ہٹ ایکشن فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ چین میں ریلیز کر دی گئی ہے، جسے پاک چین ثقافتی تعلقات میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر 21 مئی سے چینی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
بیجنگ میں منعقدہ پریمیئر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ یہ فلم دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور ثقافتی روابط کی مضبوط علامت ہے۔

ان کے مطابق فلم چینی ناظرین کو پاکستانی ثقافت، روایات اور فلمی معیار سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ بنے گی، جبکہ اس سے دونوں ممالک کی فلمی صنعتوں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔
حالیہ برسوں میں پاکستان اور چین کے درمیان فلمی شعبے میں تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اس سے قبل پاکستانی فلم ‘پرواز ہے جنون’ اور پاک چین مشترکہ فلم ‘باٹی گرل’ بھی چین میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہیں۔
Ambassador @KhalilHashmi attended the premiere of The Legend of Maula Jatt in Beijing, marking a historic moment for the 🇵🇰🇨🇳 film industry as Pakistani cinema reaches Chinese audience on a revenue-sharing basis for the very first time.1/3 @ForeignOfficePk @MoIB_Official pic.twitter.com/TDwI6hHee2
— Pakistan Embassy China (@PakinChina_) May 20, 2026
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فلم سازی، تکنیکی تبادلوں اور تربیتی پروگراموں کے حوالے سے مختلف معاہدے بھی طے پا چکے ہیں۔
فلم کے ڈائریکٹر بلال لاشاری نے چینی شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے چینی فلموں خصوصاً بروس لی اور تاریخی ہیرو پر مبنی کہانیوں سے متاثر رہے ہیں۔

ان کے مطابق ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ غیرت، خاندان اور اپنی دھرتی کے دفاع جیسے جذبات کی عکاسی کرتی ہے، جو پاکستانی معاشرے کی بنیادی اقدار ہیں۔
تقریب میں شریک چینی ناظرین نے بھی فلم کو بے حد سراہا، کئی افراد کا کہنا تھا کہ فلم نے انہیں پاکستانی ثقافت، لوک روایات اور خاندانی اقدار کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔
چینی حکام نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک فلم سازی، ٹیکنالوجی اور فنکاروں کی تربیت کے شعبوں میں مزید تعاون کریں گے، جس سے پاک چین دوستی کو نئی مضبوطی ملے گی۔












