پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے ہمیں کوئی لینا دینا نہیں، ہم اپنی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔
صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کے معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتے، عمران خان کو باعزت طریقے سے رہا کیا جائے، ان کے خلاف سیاسی اور انتقامی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے عمران خان سے اچھے تعلقات، ان کے امریکی صدر بننے سے فرق تو پڑے گا، پاکستان تحریک انصاف
اسد قیصر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہو، جس طرح ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا وہ ہمیں واپس کیا جائے۔
بعدازاں، ایک ویڈیو پیغام میں رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے انکشاف کیا کہ آج ان کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ملاقات طے تھی مگر پولیس نے جیل کے راستے بند کردیے تاکہ ان کی عمران خان کے ساتھ ملاقات نہ ہوسکےْ۔
آج ہماری اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات تھی ۔جیسے ہم اڈیالہ جیل کے دو تین کلومیٹر قریب پہنچے تو پولیس نے روڈ بلاک کر دی ۔ہم جیل مینول کے مطابق عمران خان سے ملاقات کیلئے جا رہے تھے ،ہم نے عدالت سے ملاقات کا وقت لیا ہے ۔انہوں نے ملک کو بنانا ریپبلک بنایا ہے ،یہ کسی… pic.twitter.com/thSz2r4B04
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) November 7, 2024
انہوں نے کہا کہ ہم جس گلی کوچے میں جاتے ہیں وہاں روڈ بلاک کردی جاتی ہے، ہم جیل مینول کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے لیے جارہے تھے، ہم نے عدالت سے ملاقات کا وقت لیا تھا، اس کے باوجود راستے بند کیے گئے جس سے پتا چلتا ہے کہ انہوں نے ملک کو بنانا ریپبلک بنایا ہوا ہے،یہ کسی آئین اور قانون کو نہیں مانتے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم عدالت بھی جائیں گے، یہ ہمیں ملاقات سے روک رہے ہیں لیکن ہم ہر حال میں عمران خان سے ملیں گے اور ان سے مشاورت کریں گے۔