افغان طالبان اور فتنتہ الخوارج ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں، آڈیو لیک میں نئے انکشافات

بدھ 13 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فتنتہ الخوارج کے خارجی نورولی اور خارجی غٹ حاجی کی آڈیو لیک منظرعام پر آگئی، آڈیو میں خارجی نور ولی محسود غٹ حاجی کو پاکستان میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کو واپس نہ آنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔

لیک آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ کیسے خارجی نور ولی محسود کہہ رہا ہے کہ مجاہدین کو اطلاع کر دو کہ ہماری طرف سے واپسی کی کسی کو اجازت نہیں۔

خارجی نور ولی محسود نے کہا کہ ہر کوئی اپنے آپ کو تیار رکھے اور سب قربانی دینے کے لیے تیار رہیں، مجاہدین کو راستہ بدلنے کی اجازت نہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ سب ساتھ مل کر اسی راستے پر چلتے رہیں۔

مزید پڑھیں: پشتون تحفظ موومنٹ کالعدم قرار، فتنہ الخوارج کا پی ٹی ایم کی حمایت کا اعلان

دوسری جانب دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ لیک آڈیو واضح ثبوت ہے کہ فتنتہ الخوارج کے سرغنہ افغانستان میں چھپے بیٹھے ہیں جہاں سے وہ دہشتگردوں کوہدایات جاری کرتے ہیں۔ فتنتہ الخوارج کی افغانستان میں محفوظ پناگاہیں، افغان طالبان کی براہ راست مدد اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوارج افغان سرزمین سے افغان طالبان کی مکمل حمایت سے پاکستان میں دہشتگرد حملے کرتے ہیں، یہ ثابت ہوچکا ہے کہ فتنتہ الخوارج اور افغان طالبان ایک ہی سکے کے 2 رخ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیک آڈیو سے واضح طور پر مستقبل میں بھی افغانستان سے مزید خارجیوں کے پاکستان میں داخل ہونے کا اشارہ ملتا ہے، خارجی نور ولی افغانستان میں بیٹھ کر چھوٹے درجے کے دہشتگردوں کو نام نہاد جہاد میں جان دینے کے لیے مجبور کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فتنہ الخوراج اور پی ٹی ایم کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا، دفاعی ماہرین

’خارجی نور ولی کی ہدایات ظاہر کرتی ہیں کہ حملے کرنے والے نچلے درجے کے دہشتگرد اب افغانستان میں بیٹھے آقاؤں سے تنگ آچکے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بھی پتا چلتا ہے کے پاکستان کی طرف سے مؤثر انگیجمنٹ سے خوارجین کے لیے افغانستان کی زمین تنگ پڑتی جا رہی ہے۔

دفاعی ماہرین نے کہا کہ اگر فتنتہ الخوارج کا فتنہ صحیح معنوں میں جہاد ہے تو خارجی نور ولی جیسے سرغنہ خود آگے ہو کر سیکیورٹی فورسز کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔ یہ حقیقت ہے کہ خارجی نور ولی جہاد کے نام پر اپنے پیروکاروں کو گمراہ کرکے ڈالر کما رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp