سندھ سے دھرنے کی ڈیوٹی پر آئے پولیس اہلکار نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ 2دن سے بغیر آرام کیے ڈیوٹی کررہے ہیں، ڈھنگ کا کھانا ہی دے دیں اور پینے کے لیے پانی ہی فراہم کردیں۔ سب سے بڑھ کر یہاں موسم ٹھنڈا ہے تو ہمیں تنخواہ دلوائیں تاکہ ہم اپنے لیے کوئی جرسی تو خریدیں۔
ہمیں آرام کا وقت نہیں دیا جا رہا، کل صبح سے ڈیوٹی کر رہے ہیں، پانی کی سہولت بھی نہیں ہے، کھانے کے لیے دن میں صرف دو دفعہ ڈبے میں چاول دے رہیں ہیں، سندھ سے ایمرجنسی ڈیوٹی پر آئے پولیس اہلکار کی وی نیوز سے گفتگو pic.twitter.com/wJLjQSh32x
— WE News (@WENewsPk) November 25, 2024
سندھ سے ایمرجنسی ڈیوٹی پر آئے پولیس اہلکار نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آرام کا وقت نہیں دیا جا رہا، کل صبح سے ڈیوٹی کر رہے ہیں، پانی کی سہولت بھی نہیں ہے، کھانے کے لیے دن میں صرف 2دفعہ ڈبے میں چاول دے رہیں ہیں۔
مزید پڑھیں: 4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد اسلام آباد میں فوج طلب، شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم
سندھ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ سندھ کے ضلع نوشیرو فیروز سے آئے ہیں 2دن سفر کیا ہے اور 2دن یہاں گزر گئے ہیں، تھک گئے ہیں نیند بھی بہت آئی ہے، گاؤں ہوتا تو پیسے ادھار لے لیتے، یہاں تو کسی سے ادھار بھی نہیں لے سکتے۔
’جو اہلکار کراچی سے آئے ہیں ان کو سیٹیں مل گئی تھیں تو وہ سوکر آئے ہیں، ہم دروازوں پر کھڑے ہو کرآئے ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: قافلہ ڈی چوک کے قریب پہنچ گیا
اہلکار نے بتایا کہ ڈیوٹی کے دوران صرف 15منٹ کھانے اور باتھ روم کا وقفہ دیا جارہا ہے، پانی نہیں دے رہے اور چائے بھی خود سے ہی پی رہے ہیں۔
پولیس اہلکار نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ جلد سے جلد دلوا دیں، تاکہ ڈھنگ کا کھانا کھالیں اور اوپر پہننے کے لیے بھی کچھ لے لیں تاکہ زیادہ سردی میں اچھے سے ڈیوٹی کرسکیں۔