سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے اسٹوڈنٹس یونین کی بحالی سے متعلق درخواست پراعتراضات ختم کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ: ججز کی سینیارٹی کا اصول کسی اور مقدمے میں طے کریں گے، آئینی بینچ کا فیصلہ
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس یونین کی بحالی سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیے۔
سپریم کورٹ نے درخواست پر صوبائی ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو درخواست پر نمبر لگانے کا حکم دیا ہے۔
تلور کے شکار پر سماعت سے جسٹس جمال مندوخیل کی معذرت
منگل کو مختلف آئینی معاملات سے جڑی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو اس وقت سماعت ملتوی کرنا پڑی جب بینچ کے رکن جسٹس جمال خان مندوخیل نے ایک درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔
جسٹس جمال خان مندوخیل کی معذرت سے تلور کے شکار کیخلاف کیس کی سماعت کرنے والا آئینی بینچ ٹوٹ گیا، جسٹس جمال خان مندوخیل کا موقف تھا کہ وہ بلوچستان ہائیکورٹ میں تلور شکار کیخلاف کیس کی سماعت کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ: آئینی بینچ نے 2 مقدمات سماعت کے لیے ریگولر بینچ کو واپس بھیج دیے
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ تلور شکار کا تصور مارخور کے آفیشل شکار کیطرح ہے، جسے ٹرافی ہنٹنگ کانام دیا گیا ہے، جس پر جسٹس جمال خان مندوخیل کا موقف تھا کہ تلور کے شکار اور مارخور یعنی آئیبیکس ٹرافی ہنٹنگ میں فرق ہے۔
گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ میں تعیناتیوں کا کیس
دوسری جانب سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ میں تعیناتیوں سے متعلق کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ نے گلگت بلتستان اعلیٰ عدلیہ میں تعیناتیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل مخدوم علی خان کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرلی۔
مزید پڑھیں:سپریم کورٹ میں آئینی بینچ فعال، قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف درخواست خارج
مخدوم علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ دارالحکومت میں جاری کشیدہ حالات کی وجہ سے اسلام آباد نہیں آسکے، گلگت بلتستان عدلیہ میں تقرریوں کا معاملہ اہم ہے، ویڈیو لنک سے دلائل دینا مشکل ہوگا۔
انہوں نے عدالت سے استدعا ہے آئندہ ہفتہ کی کوئی تاریخ دے دی جائے، وہ اسلام آباد پرنسپل سیٹ پر آکر دلائل دینا پسند کریں گے، عدالت نے ان کی استدعا پر گلگت بلتستان اعلیٰ عدلیہ تقرری کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔