فائنل کال کے بعد بشریٰ بی بی کی پشاور میں کیا مصروفیات ہیں؟

بدھ 4 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پشاور سے نکلنے والے قافلے کی رہنمائی کرنے کے بعد اسلام آباد میں مظاہرین کیخلاف کارروائی کے دوران غائب ہونے والی بشریٰ بی بی گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں اس وقت منظر عام پر آئیں جب ان کیخلاف درج مقدمات اور راہداری ضمانت میں توسیع کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں منگل کو سماعت تھی۔

سخت سیکیورٹی میں پشاور ہائیکورٹ آمد

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اسلام آباد ڈی چوک میں دھرنے کے خلاف حکومتی کارروائی کے دوران پراسرار طور پر غائب ہوگئی تھیں، پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے موقف اپنایا تھا کہ اسلام آباد میں بشریٰ بی بی اور وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کے اوپر بھی حملے ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی 27 مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرلی

اس دوران علی امین بشریٰ بی بی کو لے کر خیبر پختونخوا کی حدود میں داخل ہوئے اور مانسہرہ میں سرکاری مہمان خانے میں قیام کیا جبکہ اگلے روز وزیراعلی کے ہمراہ انہوں نے پریس کانفرنس کرنا تھی لیکن انہوں نے اس سے احتراز کیا۔

علی امین گنڈاپور نے صورت حال سے میڈیا کو آگاہ کیا تھا لیکن بشریٰ بی بی تب سے منظر عام سے غائب تھیں اور پارٹی رہنماؤں کے مطابق پشاور سی ایم اینکسی میں ہمقیم تھیں۔

مزید پڑھیں:عمران خان بشریٰ بی بی کی بہن اور ترجمان کے بیانات کا نوٹس لیں، شیر افضل مروت

منگل کے روز بشریٰ بی بی خصوصی سرکاری پروٹوکول میں راہداری ضمانت کے لیے ہائیکورٹ پہنچیں، ان کے ہمراہ خصوصی سیکیورٹی تھی اور کسی کو بھی ان کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی، بشریٰ بی بی کی آمد کے موقع پر صحافیوں کو بھی ویڈیو بنانے سے روکنے کی کوشش کی گئی۔

تازہ مقدمات میں 23 دسمبر تک ضمانت

پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کے لیے دائر دراخوست پر جسٹس وقار احمد نے سماعت کے بعد بشریٰ بی بی کو 27 مقدمات میں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دیدی۔

بشری بی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی کے خلاف 27 مقدمات میں راہداری ضمانت درخواستیں دائر کی ہے، عدالت میں ایڈینشل اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ بشری بی بی کو پابند کیا جائے کہ وہ متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔

راہداری ضمانت میں 18 دسمبر تک توسیع

پشاور ہائیکورٹ کے ایک اور بینچ میں بشریٰ بی بی اور پارٹی کی دیگر قیادت کیخلاف مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے بعدعدالت نے بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت میں 18 دسمبر تک توسیع کردی۔

عدالت نے بشریٰ بی بی اور دیگر درخواست گزاروں کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔

بشریٰ بی بی کی سیاسی مصروفیات کیا ہیں؟

پارٹی ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی پشاور میں سی ایم اینکسی میں قیام پذیر ہیں، جو وزیراعلیٰ ہاؤس کے ساتھ ہی واقع ہے، حالات سے باخبر رہنما بتاتے ہیں کہ بشریٰ بی بی اسلام آباد مارچ کے بعد بعض پارٹی رہنماؤں کی جانب سے اپنے خلاف بیان بازی میں بھی سخت ناراض ہیں۔

بشریٰ بی بی سے ملاقات کرنیوالے پی ٹی آئی کے ایک اہم رہنما نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کارکنان کو چھوڑ کر غائب ہونے والے قائدین سے سخت ناراض ہیں اور جلد عمران خان سے ملاقات کرکے حقائق سے آگاہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

مزید پڑھیں:پی ٹی آئی کی ‘کمپرومائزڈ’ قیادت کے بجائے عمران خان کا زیادہ اعتماد اہلیہ پر ہے، بشریٰ بی بی کی معاونین کا دعویٰ

مذکورہ رہنما کے مطابق بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے درمیان بھی رسہ کشی جاری ہے اور بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی کو بھی ہٹانے پر انھیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے۔

پارٹی رہنما نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی پارٹی معاملات پر نظر ہے اور وہ اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کررہی ہیں، پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت منطور ہونے کے بعد بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سے ملاقات کی خواہش مند ہیں اور جلد اسلام آباد جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp