قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے بیٹسمین فخر زمان کو دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستانی اسکواڈ سے باہر کرنے کی وجہ بتا دی۔
قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 10 دسمبر سے 7 جنوری تک شیڈول جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے اسکواڈز کا اعلان کیا تھا جہاں قومی ٹیم 3 ٹی 20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے والی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان، سفیان مقیم پہلی مرتبہ ایک روزہ ٹیم میں شامل
پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم اور موجودہ وائٹ بال کپتان محمد رضوان، صائم ایوب اور سلمان علی آغا کو تینوں سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا جبکہ فخر زمان پاکستانی اسکواڈ میں جگہ بنانے سے محروم رہے۔
وائٹ بال ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ فخر کے نام پر اس لیے نہیں غور کیا گیا کہ وہ ابھی فارم اور میچ فٹنس حاصل نہیں کر پائے ہیں۔
مزید پڑھیے: زمبابوے کے خلاف آخری ٹی20 کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان، پلیئنگ الیون میں 4 تبدیلیاں
ہیڈ کوچ نے شاہین آفریدی کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے سے متعلق بتایا کہ وہ ایک سوچا سمجھا فیصلہ ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم رہیں۔
مزید پڑھیں: کرکٹ کیریئرکا یادگارلمحہ کونسا ہے؟ سفیان مقیم کی وی نیوزسے خصوصی گفتگو
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کے باوجود ساجد خان کو منتخب نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم ان کے بجائے محمد عباس کا انتخاب کیا گیا ہے جو سیم بولنگ کے ماہر ہیں۔
دریں اثنا ایکس پر ایک پوسٹ میں فخر زمان نے اہم کھلاڑیوں کو نیچا دکھانے کے بجائے ان کا دفاع کرنے پر توجہ دیے جانے پر زور دیا۔