سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے 2 خوارج کو ہلاک کردیا ہے، جبکہ ایک خوارج کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، حکومت کو مطلوب اہم کمانڈر سمیت 8 خوارج دہشتگرد ہلاک
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک خوارج زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔
خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ہلاک اور زخمی ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
یہ بھی پڑھیں: میانوالی: پنجاب پولیس نے خوارج کے دہشتگردوں کا تھانے پر حملہ ناکام بنادیا، 4 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خواجی کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
’خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے‘
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کلاچی میں کامیاب خوارج کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی کامیابی کو سراہا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ قوم بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا صفایا کریں گے۔