پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے سیاسی جماعت کی طرف سے صحافیوں کو دھمکیاں دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے دھمکیوں کا نشانہ بننے والے صحافیوں اور اینکر پرسنز کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان تسلسل سے سوشل میڈیا پر سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز طلعت حسین، منیب فاروق، حسن ایوب اور مزمل شاہ کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔
پی ایف یو جے کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی ٹیم گمنام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال کرتی ہے اور اس میں پی ٹی آئی کے متعدد پیروکار شامل ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان میڈیا پرسنز کی جانوں کے تحفظ کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کرے۔
یہ بھی پڑھیں: صحافیوں کو ہراساں کرنے کا کیس، آئینی بینچ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت جاری کردی
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو دھمکیاں تشویشناک ہیں، اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
پی ایف یو جے کی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ ان عناصرکے پیچھے مجرموں کی نشاندہی کرنا بہت ضروری ہے، تاہم ایف آئی اے سے بھی فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
مزید برآں، انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اظہار رائے اور اختلاف رائے کی آزادی کا احترام کریں، جو کہ ایک صحت مند معاشرے اور مضبوط جمہوری اصولوں کے لیے ضروری ہے۔
تاہم، پی ایف یو جے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنوں کو کنٹرول کرنا چاہیے اور ٹی وی اینکرز اور صحافیوں کے خلاف میڈیا مخالف اور ٹرولنگ مہم کو دبانا چاہیے۔
صحافیوں کو ہراساں کیے جانے کے معاملے کا نوٹس لیا ہے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ صحافیوں کو ہراساں کیے جانے کے معاملے کا نوٹس لیا ہے، اس مہم میں ملوث کرداروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: صحافیوں کیخلاف مہم میں ملوث افراد کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی، عطا تارڑ
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صحافیوں کو ہراساں کرنے والوں کی حمایت کررہی ہے جس کی پی ایف یو جے نے مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اطلاعات اس کا نوٹس لیا ہے، صحافیوں کے پتے اور ان کے بچوں کی نام اور تصویروں کے ساتھ تفصیلات شیئر کرکے یہ کہنا کہ انہیں نقصان پہنچاؤ، خود تو انہوں نے ڈی چوک سے دوڑ لگا دی، میرا ان سے یہی سوال ہے کہ ڈی چوک سے دوڑ کیوں لگائی۔