نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنانے کی 76ویں سالگرہ کے موقع پر عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے۔ یہ دن بین الاقوامی برادری کے انسانی وقار کے احترام کو برقرار رکھنے کی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ بغیر کسی امتیاز کے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ انسانی حقوق کے دن کے لیے اس سال کی تھیم ’ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل‘ہے۔ یہ تھیم مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے لے کر ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر تک، دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے لیے متعلقہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین آج بھی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔
مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، شام کی صورتحال پر گفتگو
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اسلامو فوبیا میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ جو بین الاقوامی برادری کے لیے بھی ایک چیلنج بنا ہوا ہے۔ پاکستان نے متعدد قانون سازی، ادارہ جاتی اور پالیسی اقدامات کے ذریعے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں اہم پیشرفت کی ہے۔ بین الاقوامی انسانی حقوق کے فریم ورک کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سرپرستی میں انسانی حقوق کے طریقہ کار کے ساتھ تعمیری طور پر مصروف عمل ہیں۔ اس دن، پاکستان نسل، مذہب، جنس یا قومیت سے قطع نظر تمام افراد کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔