یخ بستہ ہواؤں اور آگ اگلتے اسرائیلی ہوائی جہازوں نے بے سائبان فلسطینیوں کی مشکل بڑھادی

جمعرات 19 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ میں 10 لاکھ لوگوں کے پاس حالیہ موسم سرما میں سر چھپانے کی مناسب جگہ نہیں ہو گی جہاں بارشوں نے موسم کی شدت میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ بمباری، انخلا کے متواتر احکامات اور نقل و حرکت میں رکاوٹوں کے باعث امداد کی رسائی بھی انتہائی محدود ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، مزید 38 فلسطینی شہید، 200 سے زائد زخمی

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے بتایا ہے کہ شہری تنصیبات پر حملوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔ شمالی غزہ میں حالات خاص طور پر خراب ہیں جہاں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق رواں سال 6 اکتوبر سے اب تک ہونے والے 95 حملوں میں سے 61 میں اسکولوں کی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ علاقے میں کمال عدوان اسپتال ہی واحد فعال طبی مرکز ہے جہاں ادویات اور طبی سازوسامان کی شدید قلت ہے۔

سیلاب کے باعث غزہ بھر میں خیمہ بستیوں کو پہلے ہی نقصان ہو چکا ہے تاہم محدود وسائل کے باعث امدادی ٹیمیں ستمبر سے نومبر کے آخر تک 2 لاکھ 85 ہزار لوگوں کو ہی پناہ گاہوں میں مدد دے سکی ہیں۔

اوچا نے بتایا ہے کہ موسم سرما میں کم از کم 9 لاکھ 45 ہزار لوگوں کو بارشوں اور سخت سردی سے بچنے کے لیے ہنگامی مدد درکار ہے۔ پناہ گاہوں میں سرد ہوا کا گزر روکنے کے لیے پلاسٹک کی 58 ہزار چادریں اور 36 ہزار ترپالیں غزہ سے باہر پڑے امدادی سامان میں موجود ہیں جن سے 4 لاکھ لوگوں کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں۔ لیکن اس سامان کو غزہ میں لانے کے لیے 2 ماہ درکار ہوں گے کیونکہ اس وقت ہر ہفتے پناہ کا سامان لے کر 10 ٹرک ہی علاقے میں آ رہے ہیں۔

امدادی قافلوں پر حملے

اوچا نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں نظم و نسق کی صورتحال انتہائی خراب ہے جہاں 11 دسمبر کو کیریم شالوم کی سرحد سے آنے والے 70 ٹرکوں پر مشتمل امدادی قافلے کو لوٹ لیا گیا۔

اسی روز عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) کے ایک قافلے پر غزہ کے اندر فائرنگ کی گئی اور اس دوران 5 میں سے 4 ٹرکوں کو پرتشدد انداز میں لوٹا گیا۔

مزید پڑھیے: اسرائیلی فوج کا غزہ کے اسکول پر دھاوا، بچوں و صحافیوں سمیت درجنوں افراد شہید

امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ ایسے حملوں کو روکا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں منگل کو اسرائیلی حکام کے ساتھ ہونے والے معاہدے جیسے اقدامات کی ضرورت ہے جس کے تحت مصر کی سرحد پر فلاڈلفیا کوریڈور کے راستے اقوام متحدہ کا امدادی قافلہ دو لاکھ لوگوں کے لیے غذائی مدد لائے گا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ یکم اور 16 دسمبر کے درمیان غزہ بھر میں 339 امدادی کارروائیوں کی ضرورت تھی جن میں سے 102 کی ہی اجازت مل سکی۔ امداد پہنچانے کی 141 درخواستیں مسترد ہوئیں، 62 کو رکاوٹوں کا سامنا رہا جبکہ انصرامی مسائل اور سلامتی کے خدشات کے پیش نظر 34 کارروائیاں منسوخ کر دی گئیں۔

بیماریوں کا پھیلاؤ

ڈبلیو ایچ او نے بتایا ہے کہ شدید سردی کے باعث غزہ کے لوگوں میں سانس کی بیماریوں، اسہال اور یرقان کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

رواں سال 12 لاکھ لوگوں کو سانس کے مسائل کا سامنا رہا جبکہ 5 لاکھ 70 ہزار افراد شدید اسہال کا شکار ہوئے۔ بچوں میں ان بیماریوں کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔

امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ خان یونس میں بہت سے بے گھر لوگوں نے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے پر پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں اور آئندہ بارشوں کی صورت میں انہیں سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

شمالی غزہ کے حالات تباہ کن

اوچا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی روک رکھی ہے جہاں 6 اکتوبر سے بڑے پیمانے پر زمینی حملہ جاری ہے۔ علاقے میں فلسطینی مسلح گروہوں اور اسرائیلی فوج کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: غزہ: پناہ کے متلاشیوں پر اسرائیلی حملے اور والدین کو ڈھونڈتے خاک و خون میں لت پت بچے

اقوام متحدہ کی جانب سے زیرمحاصرہ علاقے بیت لاہیہ، بیت حنون اور جبالیہ میں امداد کی فراہمی کے لیے دی جانے والی متعدد درخواستوں میں سے بیشتر کو گزشتہ 10 ہفتوں سے منظوری نہیں مل سکی۔

 

ادارے کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں غیرمحفوظ آبادیوں کو تحفظ دینے کے لیے فوری اقدامات درکار ہیں۔ خواتین اور بچوں کی ضروریات خاص طور پر اہم ہیں جنہیں گرم کپڑوں اور خشک دودھ کی ضرورت ہے۔

بڑھتی ہلاکتیں

فلسطینی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے غزہ میں 273 فلسطینیوں کی شہادت ہوئی اور 853 زخمی ہوئے۔ اس جنگ میں اب تک مجموعی طور پر 45 ہزار 59 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 7 ہزار 41 زخمی ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: اسرائیلی لوٹ مار، اقوام متحدہ نے غزہ متاثرین کے لیے خوراک اور امدادی سامان کی فراہمی روک دی

اوچا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 اور اس کے بعد اسرائیل اور غزہ میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں اور غیرملکیوں کی تعداد ایک ہزار 586 ہے۔ ان میں غزہ کے اندر ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 386 بتائی گئی ہے جبکہ 2 ہزار 488 زخمی ہوئے ہیں۔

اندازے کے مطابق غزہ میں اسرائیل اور دیگر ممالک کے 100 افراد بدستور یرغمال ہیں اور جو لوگ دوران حراست مارے گئے ہیں ان کی باقیات واپس نہیں کی گئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل، ملک بھر میں بارشیں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی

ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر کا دورۂ پاکستان، عدالتی تعاون کا معاہدہ طے پانے کا امکان

آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے برطانیہ کا بڑا اقدام، 35 ممالک کا اجلاس طلب

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8 خوارج ہلاک

سپریم کورٹ کا مطیع اللہ جان کے مقدمے میں اہم حکم، ٹرائل کورٹ کو فردِ جرم عائد کرنے سے روک دیا

ویڈیو

سعودی عرب سے ترسیلات اور حجاز مقدس سے متعلق شہریوں کے خیالات

حج اور عمرہ کی یادیں جو آنکھوں کو نم کر دیں

پیغام پاکستان بیانیہ، محراب و منبر کی اصلاح اور عدالتی انصاف شدت پسندی ختم کر سکتا ہے: علّامہ عارف الواحدی

کالم / تجزیہ

’میں نے کہا تھا ناں کہ پھنس جائیں گے؟‘

ہز ماسٹرز وائس

ایران یا سعودی عرب: پاکستان کو مشکل فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے؟