جوڈیشل کمیشن اجلاس: آئینی بینچ کو 6 ماہ کے لیے توسیع دے دی گئی

ہفتہ 21 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو 6 ماہ کے لیے توسیع دے دی گئی، جبکہ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن رولز کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئینی بینچ کی تشکیل برقرار رکھنے کا فیصلہ 6-7 کے تناسب سے ہوا، جسٹس جمال مندوخیل نے تمام سپریم کورٹ ججز کو آئینی بینچ میں شامل کرنے کی تجویز دی، تاہم ووٹنگ میں 7 ممبران نے بینچ برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں جوڈیشل کمیشن اجلاس: پشاور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیےکن ناموں پر غور کیا گیا؟

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کچھ رولز میں معمولی تبدیلی کرتے ہوئے نئے ایڈیشنل ججز کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کی شرط نکال دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کسی امیدوار کی انٹیلیجنس رپورٹ لینا نہ لینا کمیشن کی صوابدید ہوا کرےگا، ہائیکورٹ چیف جسٹس کے لیے 3 نام زیر غور آئیں گے۔

ڈرافٹ کے مطابق سینیئر جج کو چیف جسٹس ہائیکورٹ نہ بنانے پر وجوہات بتانا لازمی ہوں گی، سپریم کورٹ میں جج تعیناتی کے لیے ہائیکورٹ سے 5 نام آیا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں جسٹس منصورعلی شاہ کے ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار پرتحفظات، جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ دیا

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے نئے رولز کے تحت ایڈیشنل ججز کے لیے نامزدگیاں 3 جنوری تک طلب کرلیں، یہ نامزدگیاں متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے ذریعے بھیجی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایڈیشنل ججز کے لیے پہلے سے بھیجے گئے نام متفقہ طور پر واپس لے لیے گئے۔

ذرائع کے مطابق آئینی بینچ کی توسیع کے ایجنڈے پر دوسرا اجلاس شروع ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp