مری میں برف باری کے دوران سیاحوں کے متوقع اضافے اور ٹریفک کے رش کے پیش نظر جامع اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) مری مغیث احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ مری میں برف باری کے موسم کے دوران ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے تقریباً 200 ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا گیا ہے، ان انتظامات کا مقصد ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مری میں موسم سرما کی پہلی برف باری، سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کرلیا
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، انسپکٹر جنرل آف پولیس اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
سی ٹی او مری کا مزید کہنا تھا کہ ویو فورتھ روڈ، بینک روڈ، ہال روڈ، کلڈنہ روڈ اور امتیاز شہید روڈ سمیت کچھ سڑکیں برف باری کے دوران یک طرفہ ٹریفک نظام پر چلیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: مری میں درختوں کا آشیانہ اب کرائے پر دستیاب
مزید برآں، حبیب بینک، جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) چوک، سیسل ہوٹل اور کلڈنہ روڈ کے ساتھ ساتھ بینک روڈ سے گرلز ڈگری کالج کے آس پاس کے علاقوں میں رش کم کرنے کے لیے انہیں پارکنگ فری زون قرار دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک میں خلل کو کم سے کم کرنے کے لیے، بھاری گاڑیوں مثلاً فوڈ سپلائی ٹرک اور پانی کے ٹینکرز کو صرف مقررہ اوقات یعنی رات ایک بجے سے صبح 7 بجے تک رسائی کی اجازت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں سردی جوبن پر، دریائے سندھ جم گیا
سی ٹی او مری نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد موسم سرما کے عروج پر مری آنے والے سیاحوں کے لیے ایک زیادہ محفوظ اور مؤثر تجربہ فراہم کرنا ہے۔