فضل الرحمان کا دباؤ کارگر، صدر مملکت نے مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کردیے

اتوار 29 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فضل الرحمان اپنا مؤقف منوانے میں کامیاب، صدر مملکت نے مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کردیے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دینی مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کردیے ہیں، جس کے ساتھ ہی یہ بل قانون بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان کی ایک اور کامیابی، مدارس رجسٹریشن آرڈیننس جاری کرنے کی منظوری

میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر مملکت نے ایکٹ پر دستخط کے ساتھ ہی سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024ء میں ترمیم کا آرڈیننس بھی جاری کر دیا۔

ترمیمی آرڈیننس جاری ہونے کے بعد اب قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی۔

صدر مملکت کی جانب سے بل پر دستخط کے ساتھ ہی قومی اسمبلی نے اس حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

ترجمان ایوانِ صدر کے مطابق آرڈیننس کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تک محدود ہوگا۔اسلام آباد کے مدارس اپنی مرضی سے وزارتِ تعلیم سے بھی رجسٹر ہوسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹروں نے مولانا فضل الرحمان کو آرام کا مشورہ کیوں دیا؟

واضح رہے کہ ترمیمی بل 26 ویں آئینی ترمیم کے وقت جے یو آئی کے ساتھ معاہدے کے تحت منظور ہوا تھا، تاہم بعد میں ایوان صدر نے بل پر اعتراضات عائد کردیے تھے۔ جس کی وجہ سے مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں دھرنے کا عندیہ دیا تھا۔

ترجمان قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا بتانا ہے کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا ہے، قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp