وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی لیڈرشپ میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
اسلام آباد میں قومی اقتصادی پلان ’اڑان پاکستان‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہاکہ پائیدار ترقی کے لیے معاشی استحکام ناگزیر ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں ’ملک کو اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے‘ وفاقی وزرا نے ’اڑان پاکستان‘ کو ملکی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیدیا
انہوں نے کہاکہ ڈیفالٹ ریٹ میں 93 فیصد کمی ہونا بڑی کامیابی ہے، اس کے علاوہ مہنگائی میں بھی واضح کمی واقع ہوئی ہے، اور پالیسی ریٹ 13 فیصد پر آگیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان نے مالی سال میں سرپلس 24 سال بعد حاصل کیا، ملک میں میکرو اکنامک استحکام آچکا ہے۔ اب ہم نے مزید گروتھ کی طرف جانا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں اڑان پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب جاری ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا، وزیراعلیٰ مریم نواز اور دیگر شریک ہیں۔
اڑان پاکستان پروگرام کے تحت حکومت 2029 تک برآمدات کو 60 ارب ڈالرز تک لے جائےگی، جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہزاروں آئی ٹی گریجویٹس کا اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں اڑان پاکستان پروگرام نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر کیسے مثبت اثرات ڈالے؟
پروگرام کے تحت پاکستان کو 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالرز کی معیشت کی بنیاد فراہم کی جائےگی۔ اس پروگرام میں آئی ٹی کی برآمدات، ای پاکستان، ماحولیات اور توانائی کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔