امریکا میں نئے سال کے موقع پر دہشتگردی کے 2 بڑے واقعات رونما ہوئے ہیں، جن میں ایک مشتبہ حملہ آور سمیت 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، پہلا واقعہ بدھ کو نیو اورلینز میں پیش آیا جہاں ایک سابق امریکی فوجی نے نئے سال کا جشن منانے والوں کو اپنے تیزرفتار پک اپ ٹرک تلے کچل ڈالا۔ اس واقعہ میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں الیکشن کے روز دہشتگردی کی منصوبہ بندی کرنے والا افغان شہری گرفتار
دوسرا واقعہ ریاست نویڈا میں پیش آیا، جہاں ٹرمپ ہوٹل کے باہر ٹیسلا کمپنی کے سائبر ٹرک میں دھماکا ہوا، جس میں ٹرک میں سوار ایک شخص ہلاک اور 7 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہوٹل کے داخلی دروزے کو آگ لگ گئی۔
ٹرک ڈرائیور شمس الدین جبار کون تھا؟
ایف بی آئی کے مطابق، نیو اورلینز میں پیش آئے واقعہ میں ملوث پک اپ ٹرک کا ڈرائیور ٹیکساس کا رہائشی 42 سالہ سابق امریکی فوجی تھا جس کا نام شمس الدین جبار ہے۔ ایف بی آئی نے خیال ظاہر کیا ہے کہ واقعہ کا ذمہ دار صرف شمس الدین جبار نہیں کیونکہ اس کے ٹرک سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ
امریکی صدر جوبائیڈن نے بدھ کی شام کو اپنے بیان میں کہا کہ ایف بی آئی نے ٹرک ڈرائیور کی جانب سے حادثے سے قبل سوشل میڈیا پوسٹس کا جائزہ لیا ہے جس میں ٹرک ڈرائیور شمس الدین نے کہا ہے کہ وہ ’داعش‘ سے متاثر ہے اور لوگوں کو مارنا چاہتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، دوسرا واقعہ بدھ کو پیش آیا جس میں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہوٹل کے باہر ان کے دوست اور نئی کابینہ کے متوقع رکن ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کے تیار کردہ ٹرک میں دھماکا ہوا، جس کے باعث سائبر ٹرک میں موجود ایک مشتبہ شخص ہلاک ہوگیا جبکہ ہوٹل کے داخلی دروزازے پر آگ بڑھ اٹھی جو فائر برگیڈ نے بروقت بجھا دی۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیسلا ٹرک کے پچھلے حصے میں آتش بازی میں استعمال ہونے والے گولے اور ایندھن کے کنستر بھرے ہوئے تھے۔ حکام نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور کہا ہے کہ ممکنہ طور یہ دہشتگردی کا واقعہ ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جرمنی: کرسمس مارکیٹ میں تیز رفتار کار نے 2 افراد کو کچل دیا، 80 زخمی
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہوٹل کے داخلی دروازے پر کھڑے سائبر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور اس کے بعد چھوٹے دھماکے ہوئے، جو آتش بازی کی طرح دکھائی دے رہے تھے۔
صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے نیو اورلینز واقعے اور لاس ویگاس دھماکے میں ممکنہ تعلق کی تحقیقات ہو رہی ہیں، ادارے کرائے پر حاصل کیے گئے سائبرٹرک اور اس کے ڈرائیور اور دھماکے کے بارے میں سراغ لگا رہے ہیں۔
دوسری جانب سائبر ٹرک بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کا کہنا ہے سائبر ٹرک میں دھماکا ممکنہ طور پر دہشتگردی ہے، دھماکے کا تعلق ٹرک سے نہیں ہے۔