گلگت بلتستان کی خاتون سیاستدان، آمنہ علی نہ صرف سیاست میں متحرک ہیں بلکہ گھریلو ذمہ داریاں بھی بخوبی نبھاتی ہیں۔
وی نیوز سے گفتگو میں آمنہ علی نے کہا کہ گلگت کی خواتین کی زندگی دیگر شہروں کی خواتین سے مختلف ہے، ہم بچپن سے ہی گھریلو کام کاج کرتے ہیں اور آج بھی تمام امور خود انجام دیتے ہیں۔
سردیوں کی آمد کے ساتھ گلگت بلتستان میں خواتین کی سیاسی سرگرمیاں تقریباً ختم ہوجاتی ہیں۔ سخت موسم کی وجہ سے خواتین گھروں تک محدود ہوجاتی ہیں، دیسی انگھیٹی جلا کر سردی سے بچتی ہیں اور مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ سیاسی امور پر گفت و شنید بھی گھر کی چار دیواری تک محدود رہتی ہے۔
آمنہ علی کے مطابق سردیوں میں خواتین کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوتا ہے، جس کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں بھی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں خواتین کی زندگی زیادہ تر گھریلو کاموں تک محدود ہوجاتی ہے، لیکن اس کے باوجود وہ اپنی سیاست کے لیے پرعزم ہیں اور بہتر مواقع کے انتظار میں ہیں، گلگت بلتستان کی خواتین اپنی ذمہ داریوں اور سیاسی سرگرمیوں کو ایک ساتھ لے کر چلنے کا ہنر بھی رکھتی ہیں۔