سسٹم میں عارضی بینڈوتھ کا اضافہ، اب انٹرنیٹ سروسز متاثر نہیں ہوں گی، پی ٹی اے

ہفتہ 4 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ ’اے اے ای‘ 1 آبدوز کیبل میں خرابی سے نمٹنے کے لیے سسٹم میں عارضی بینڈوتھ کا اضافہ کر دیا گیا ہے، اب ملک بھر میں انٹرنیٹ خدمات میں کوئی گراوٹ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر، پی ٹی اے کا الرٹ جاری

ہفتہ کے روز ’پی ٹی اے‘ کی جانب سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ 2 جنوری 2025 کو اے اے ای 1 آبدوز کیبل میں خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ خدمات متاثر ہوئی تھیں جس کے حل کے لیے ملک بھر کے انٹرنیٹ سسٹم میں عارضی بینڈوتھ شامل کر دیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی ’اے اے ای 1 آبدوز کیبل کی بحالی کی کوششوں کی فعال طور پر نگرانی کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ اس عرصے کے دوران ملک بھر میں تمام انٹرنیٹ خدمات میں کوئی خلل نہیں آئے گا۔

واضح رہے کہ ’پی ٹی اے ‘ نے گزشتہ ہفتے انکشاف کیا تھا کہ قطر کے قریب سب میرین کیبل اے اے ای-1 میں خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:انٹرنیٹ کی بندش، سال 2024 فری لانسرز کے لیے کیسا رہا؟

یہ خرابی قطر کے قریب آبدوز کیبل اے اے ای-1 میں سامنے آئی جو پاکستان کو بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے لیے منسلک کرنے والی 7 بین الاقوامی زیر سمندر کیبلز میں سے ایک ہے۔

پاکستان گزشتہ سال سے سست رفتار انٹرنیٹ کے مسئلے سے دوچار ہے اور حکومت مسلسل آبدوز کیبل کی خرابیوں کو مورد الزام ٹھہراتی رہی ہے جبکہ رپورٹس میں حکام کی جانب سے ’فائر وال‘ کے ممکنہ تجربے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

انٹرنیٹ کی سست روی خاص طور پر فری لانسرز کے لیے مشکلات پیدا کرتی رہی ہے، جو 20 لاکھ سے زیادہ ہیں اور ملک کی معیشت اور ترسیلات زر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سست انٹرنیٹ کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کی بندشوں کے خلاف نہ صرف عدالتوں سے رجوع کیا گیا بلکہ حکومتی اتحادیوں نے بھی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر انٹرنیٹ کے مستقل مسائل پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انٹرنیٹ بندش غیر قانونی ہوتی تو حکومت اس کا حکم کیوں دیتی، پی ٹی اے کا قائمہ کمیٹی کو جواب

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا ہے کہ مچھلیاں صرف پاکستان کے زیر سمندر فائبر آپٹک کیبلز کو ہی کیوں کاٹتی ہیں۔

دوسری جانب اوکلا اسپیڈ ٹیسٹ گلوبل انڈیکس کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ میں پاکستان 111 ممالک میں سے 100 ویں نمبر پر ہے، جس کی ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 20.61 ایم بی بی ایس اور اَپ لوڈ اسپیڈ 8.53 ایم بی پی ایس ہے۔

دریں اثنا انڈیکس میں ملک کو براڈ بینڈ اسپیڈ میں 158 ممالک میں سے 141 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جس کی ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 15.60 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈ اسپیڈ 15.53 ایم بی پی ایس ہے۔

مزید پڑھیے: موبائل فون و انٹرنیٹ سروس کی بندش، شہریوں کو کن مشکلات کا سامنا؟

تاہم گزشتہ ماہ ایک مثبت پیش رفت میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سمندر کے اندر ایک بڑی انٹرنیٹ کیبل بچھائی جا رہی ہے جس سے انٹرنیٹ کی رفتار میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

یہ منصوبہ 2 افریقی آبدوز کیبل سسٹم کے تحت آتا ہے جسے پی ٹی اے نے ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹ (ٹی ڈبلیو اے) کے ذریعے پاکستان میں کیبل کی لینڈنگ پارٹی کے طور پر سہولت فراہم کی تھی۔

45,000 کلومیٹر پر محیط 2 افریقی کیبل 180 ٹی بی پی ایس کی گنجائش کے ساتھ جدید ترین ایس ڈی ایم 1 ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ افریقہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں 46 مقامات کو جوڑتی ہے۔

پی ٹی اے نے ایک پریس ریلیز میں اعلان کیا تھا کہ میٹا اور ووڈافون پر مشتمل ایک عالمی کنسورشیم کی مدد سے یہ کیبل 2025 کی چوتھی سہ ماہی تک پاکستان میں آپریشنل ہونے کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp