پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز 205 رنز کی شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیسٹ تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز فالوآن کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 213 رنز بنا لیے ہیں اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہو چکا ہے، آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابراعظم ہیں جنہوں نے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس وقت کپتان شان مسعود شاندار سینچری کے بعد 102 رنز پر اور خرم شہزاد 8 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔
کھیل کے تیسرے روز فالوآن کے بعد ریکارڈز کو توڑنے والی شان مسعود اور بابراعظم کی شراکت داری نے پاکستان کو اپنی پہلی اننگز میں صرف 194 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد فائٹ بیک فراہم کر دیا ہے۔ دونوں اوپنرز کی 205 رنز کی شراکت نے نہ صرف فالو آن کے دباؤ کو کم کیا بلکہ میزبان ٹیم کے سیریز میں کلین سویپ کے خواب کو بھی معدوم کر دیا ہے۔
شان مسعود کی شاندار سینچری، ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی چھٹی سینچری اور بابر اعظم کے 81 رنز جن میں 10 چوکے شامل تھے، نے جنوبی افریقہ کو بیک فٹ پر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
طویل عرصے سے ٹیسٹ سینچری بنانے کی راہ پر گامزن بابراعظم 81 رنز پر ایک غیر معقول شارٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔ شان مسعود کے ساتھ ان کی شراکت ٹیسٹ کرکٹ میں فالو آن اننگز میں اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت تھی، جو کہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا پچھلا ریکارڈ 07۔20026میں یاسر حمید اور یونس خان کے درمیان 133 رنز کی شراکت کا تھا۔
اس سے قبل اتوار کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم محض 194 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کو فالوآن سے بچنے کے لیے 261 رنز درکار تھے، لیکن پروٹیز بولرز نے پاکستان بیٹرز کو 200 کا ہندسہ بھی عبور نہ کرنے دیا۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے فالو آن کے بعد دوبارہ کھیلتے ہوئے بہتر بیٹنگ کی اور اس کی پہلی وکٹ 205 رنز پر گری جب بابر اعظم 81 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ بابر کے ساتھ آئے اوپنر شان مسعود نے اپنی شاندار سینچری مکمل کی اور فی الحال وکٹ پر جمے ہوئے ہیں۔
ہفتے کو کھیل کے دوسرے روز کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے۔ بابراعظم اور محمد رضوان نے گزشتہ روز سے جاری اپنی پارٹنرشپ کو آگے بڑھا یا لیکن یہ زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی، 118 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 127 گیندوں پر 58 رنز بنائے اور کیوانا مپھاکا کی گیند پر کائل ویرین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم کے بعد محمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک پائے، 144 کے مجموعی اسکور پر انہوں نے بھی واپسی کی راہ لی اور 82 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ویان ملڈر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ 155 کے مجموعی اسکور پر سلمان آغاز 22 گیندوں پر 19 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر کائل ویرین کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ 172 کے مجموعی اسکور پر گری جب عامر جمال 15 رنز پر کاگئسو ربادا کی گیند پر ڈیوڈ بیڈنگھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، آٹھویں وکٹ 194 کے مجموعی اسکور پر گری جب میرحمزہ کیشو مہاراج کی گیند پر ڈیوڈ بیڈنگھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، نویں وکٹ بھی 194 کے مجموعی اسکور پر گری جب خرم شہزاد 14 رنز بنا کر کیوانا مپھاکا کی گیند پر ٹرسٹن اسٹبز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگئسو ربادا نے 3 جبکہ کیوانا مپھاکا اور کیشو مہاراج نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکو جانسن اور ویان مولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے دن کا کھیل:
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ ہی محض 2 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب کپتان شان مسعود 2 رنز پر کاگئسو ربادا کی گیند پر ڈیوڈ بیڈنگھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ: ریان رکیلٹن کی شاندار بیٹنگ، پہلے روز جنوبی افریقہ کے 316 رنز، 4 کھلاڑی آؤٹ
پاکستان کی دوسری وکٹ بھی محض 18 کے مجموعی اسکورپر گر گئی جب کامران غلام کو 12 رنز مارکو جانسن نے کلین بولڈ کر دیا، تیسری وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر گری جب سعود شکیل صفر پر کاگئسو ربادا کی گیند پر ڈیوڈ بیڈنگھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے روز جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنر بیٹر ریان رکیلٹن نے ڈبل سینچری کے ساتھ 259 رنز بنا کرپاکستان کے لیے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز کے دوسرے روز کا آغاز 316 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا، دوسرے روز کے کھیل میں جنوبی افریقہ نے اپنے ٹوٹل میں 300 رنز کا اضافہ کیا، اس طرح جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 616 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین صائم ایوب انجری کا شکار کیسے ہوگئے؟
جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات ریان رکیلٹن کی ڈبل سینچری تھی جس میں ان کے 3 چھکے اور 29 چوکے شامل ہیں، اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما اور کائل ویرن نے بھی سینچریاں اسکور کیں۔ پہلے روز کے کھیل میں جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 61، دوسری وکٹ 70 ، تیسری وکٹ72 جبکہ چوتھی وکٹ 307 کے مجموعی اسکور پر گری تھی ۔
ہفتے کے روز جب دوسرے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ نے اپنے مجموعی اسکور 316 میں صرف 7 رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ اسے 5 ویں وکٹ سے بھی ہاتھ دھونا پڑا جب ڈیوڈ بیڈنگھم 19 گیندوں پر 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹخنے میں فریکچر، صائم ایوب 6 ہفتے کے لیے کرکٹ کے میدان سے باہر
دوسرے روز کے کھیل میں جنوبی افریقہ کی چھٹی وکٹ 471 کے مجموعی اسکور پر گری جب کائل ویرین سینچری اسکور کرنے کے بعد آغا سلمان کی گیند پر عامر جمال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، جنوبی افریقہ کی ساتویں وکٹ 557 کے مجموعی اسکور پرگری جب ریان رکیلٹن 259 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کے بعد میر حمزہ کی گیند پرمحمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی آٹھویں وکٹ 572 کے مجموعی اسکور پر گری جب مارکو جانسن 62 رنز بنا کر میر حمزہ کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، نویں وکٹ 614 کے مجموعی اسکور پر گری جب کیشو مہاراج 40 رنز پر خرم شہزاد کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سینچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
جنوبی افریقہ کی دسویں وکٹ 615 کے مجموعی اسکور پر گری جب کوینا مافاکا کو محمد عباس سے صفر پر کلین بولڈ کر دیا، کاگئسوربادا نے 6 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان آغا نے 3 ، 3 جبکہ میر حمزہ اور عامر جمال نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پہلے دن کا کھیل:
جمعہ کو نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا، اگرچہ ابتدا میں جنوبی افریقہ کے 3 کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوئے تو ٹیم قدرے مشکلات کا شکار ہوئی تاہم ریان رکیلٹن اور کپتان ٹیمبا باوما پاکستانی بولرز کے سامنے دیوار بن کر کھڑے ہو گئے، دونوں نے شاندار سینچریاں اسکور کیں۔
جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 61 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایڈن مارکرم 17 رنز پر خرم شہزاد کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ بھی جلد ہی 70 کے مجموعی اسکور پر گری جب ویان مولڈر 5 رنز پر محمد عباس کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ بھی محض 2 رنز کے اضافے کے بعد 72 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب ٹرسٹن اسٹبس بھی صفر پر سلمان آغا کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، چوتھی وکٹ 307 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان ٹیمبا باوما شاندار سینچری اسکور کرنے کے بعد 106 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کی اننگز کی سب سے خاص بات ریان رکیلٹن کی شاندار ناقابل شکست 176 رنز کی اننگز ہے۔
پہلے روز کے کھیل میں پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے 2 جب کہ محمد عباس اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے ایک ہی اننگز میں 6 کیچ پکڑ کر شاندار وکٹ کیپنگ کا مظاہرہ کیا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پروٹیز کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان پلیئنگ الیون:
کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، عامر جمال، خرم شہزاد، محمد عباس، میر حمزہ
جنوبی افریقہ پلیئنگ الیون:
ایڈن مارکرم، ریان ریکلٹن، کپتان ٹیمبا بوومالیڈ، ٹرسٹن اسٹبز، ویان ملڈر، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جینسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، کیوانا مپھاکا