پاکستان اور جبوتی کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 15 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور جبوتی نے دوطرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پاکستان اور جبوتی نے 14 جنوری کو جبوتی میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی تجارتی وفد کا12 سال بعد دورہ بنگلہ دیش، تعلقات مزید گہرے کرنے پر اتفاق

پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ ڈویژن) حامد اصغر خان اور جبوتی کے مستقل سیکریٹری جنرل (سیکریٹری خارجہ) محمود علی حسن نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

دستخط کی تقریب کے بعد دونوں فریقین نے دو طرفہ سیاسی مشاورت کا افتتاحی اجلاس منعقد کیا، فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں، چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق، فریقین نے مفاہمتی یاداشت کو آنے والے دنوں میں تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے جامع اور پائیدار دوطرفہ شراکت داری کی تعمیر کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاع اور سلامتی کے شعبوں سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، فریقین نے تمام سطحوں پر بڑھتے ہوئے روابط کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سال 2024 نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے 20 غیر ملکی دورے

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ فریقین نے شاندار کثیرالجہتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ بات چیت میں مشرق وسطیٰ اور ہارن آف افریقہ کی صورتحال پر خصوصی طور پر توجہ دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور جبوتی کے درمیان دوطرفہ تعلقات روز بروز مضبوط ہورہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے مئی 2022 میں جبوتی میں اپنا رہائشی مشن کھولا تھا، دوطرفہ سیاسی مشاورت کا آئندہ اجلاس اگلے سال کے شروع میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp