مارگلہ کی پہاڑی چوٹی پر واقع مونال اور دیگر ریسٹورنٹس کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا ہے لیکن عمارتوں کا ملبہ ہٹائے جانے کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔
وائلڈ لائف مینجمنٹ کے ایک ممبر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ مونال ریسٹورنٹ کی جانب سے مارگلہ ہلز پر جان بوجھ کر گندگی پھیلائی جا رہی ہے تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ جب وہ خود یہاں تھے تو انہوں نے اس جگہ کو بہت صاف ستھرا رکھا ہوا تھا اور ریسٹورنٹ ختم ہونے کے بعد سے گندگی میں اضافہ ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مارگلہ ہلز پر دیگر ریسٹورنٹس بھی مسمار کیے جائیں، سپریم کورٹ نے اعتراض پر رپورٹ طلب کرلی
منصور شیروانی اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ مارگلہ ہلز و وائلڈ لائف کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی دیتے ہیں۔ انہوں نے وی نیوز کو بتایا کہ مونال اور دیگر ریسٹورنٹس کی جگہ پر جو نیا منصوبہ بنایا جا رہا ہے اس کا مقصد مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی پہاڑی چوٹی کو بحال کرنا، وہاں کے قدرتی ماحول کو محفوظ کرنا، اس ٹیریٹری میں موجود جانوروں کو محفوظ کرنا اور عوام کو ایک صحت افزا تفریحی مقام فراہم کرنا ہے۔
منصور شیروانی نے کہا کہ اس کو مارگلہ ویو پوائنٹ بنایا جائے گا جس کے لیے وہاں صفائی کرواکر پودے بھی لگائے جائیں گے، عوام کے لیے بینچز کی تنصیب ہوگی، ایک تالاب بنایا جائے گا، ایک فرسٹ ایڈ روم بنایا جائے گا اور مختلف بورڈز نصب کیے جائیں گے جن پر مارگلہ میں موجود جانوروں اور پودوں کے بارے میں معلومات درج ہوں گی۔
مزید پڑھیے: مونال کی بندش کے بعد، مارگلہ ہلز پر کون سا نیا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ’یہ پروجیکٹ ابھی مکمل نہیں ہوا لیکن جب ہو جائے گا تو یہ دنیا کے بہترین ویو پوائنٹس میں سے ایک ہوگا اور ہر شخص بلاتفریق یہاں آکر قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہو سکے گا‘۔