سندھ کے ضلع شکار پور میں انڈس ہائی وے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر میر غالب خان ڈومکی زخمی جبکہ ان کے 2 گارڈز ہلاک ہوگئے ہیں۔
شکار پور پولیس کے مطابق انڈس ہائی وے پر ڈاکوؤں نے سابق وزیر کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس سے میر غالب خان ڈومکی کے 2 گارڈز ہلاک ہوگئے ہیں، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی کے بیٹے کی ہوائی فائرنگ کا نوٹس لے لیا
ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ کے مطابق انڈس ہائی وے پر فیضو لاڑو کےمقام پر ڈاکوؤں نے سابق وزیر میر غالب خان ڈومکی کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کےنتیجے میں میر غالب ڈومکی پاؤں میں گولی لگنےسےزخمی ہوگئے ہیں۔
میر غالب ڈومکی کو سکھر کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہوں نے بتایا کہ تقریباً 15 سے 20 ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی کو خان پور اسٹیشن کے اہلکاروں کے زیر انتظام پولیس ناکے کے قریب روکنے کی کوشش کی، تاہم نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی۔
مزید پڑھیں:سندھ میں ڈاکوؤں کے حملے: اجناس کی ترسیل شدید متاثر، رمضان میں بحران کا خدشہ
فائرنگ کے نتیجے میں غالب ڈومکی، ان کی اہلیہ، پوتے علی نواز خان ڈومکی اور گارڈ نادر ڈومکی گولی لگنے سے زخمی ہو گئے، جبکہ دو دیگر گارڈز سالار ڈومکی اور مہر علی ڈومکی گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے موقع پر پہنچنے پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔