ژوب: صوبائی وزیر نے جواری کلرک کے ہاتھوں لٹنے والے طلبا کی لاکھوں روپے امتحانی فیس جمع کرادی

ہفتہ 25 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرکاری اسکول کے جونیئر کلرک کی جانب سے طلبا کی امتحانی فیس جوئے میں ہارنے کے واقعہ کے بعد صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے طلبا کی امتحانی فیس جمع کرادی ہے۔

صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے 24 لاکھ 16 ہزار 8 روپے کی رقم طلبا کی امتحانی فیس کی مد میں جمع کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ژوب: ہائیر سیکنڈری سکول کا کلرک داخلہ فیس کے 25 لاکھ روپے جوے میں ہار گیا

واضح رہے کہ ژوب کے سرکاری اسکول کا جونیئر کلرک نویں اور دسویں جماعت کے طلبا کی امتحانی فیس جوئے میں ہار گیا تھا۔ امتحانی فیس جمع نہ ہونے پر طلبا کے امتحانات سے متعلق شکوک و شبہات پائے جارہے تھے۔

پولیس کے مطابق، جونیئر کلرک شہزاد جمال نے امتحانی فیس کے 23 لاکھ 15 ہزار روپے آن لائن جوئے میں اڑا دیے تھے، کلرک کے پاس اسکول کے نویں اور دسویں جماعت کے 878 طلبا نے امتحانی فیس جمع کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ، بلوچستان میں تعلیمی انقلاب کی کلید

پولیس نے گزشتہ برس اکتوبر میں پرنسپل گورنمنٹ ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول ژوب وزیر خان کی مدعیت میں جونیئر کلر کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور اسے گرفتار کرلیا تھا۔

واقعہ کے بعد صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے فیس جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی جو اب بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں جمع کرادی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp