دنیا کو پاکستان کے ساتھ تعلق پر فخر، بھارت میں ناکامی اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ

ہفتہ 2 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا میں امن کے علمبردار کے طور پر ابھرا ہے، اور ملک نے سفارتی اور بیانیہ کی سطح پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس وقت پاکستان دنیا بھر میں چمک رہا ہے جبکہ بھارت میں ناکامی اور رسوائی کےسوا کچھ نہیں۔

 اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ معرکۂ حق صرف میدان میں نہیں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی لڑا گیا، جہاں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں لوگ پاکستان سے اپنے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق: بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، عطا تارڑ

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ شہبازشریف نے پی ایم اے کاکول میں اپنے خطاب کے دوران پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا، تاہم اس پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اس واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور شواہد طلب کیے، لیکن بھارت کی جانب سے کوئی ٹھوس جواب نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر طبقہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے، چاہے وہ اے پی ایس کا سانحہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ۔ وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ بھارت دہشتگردی کو فروغ دیتا ہے جبکہ پاکستان اس کے خلاف عملی جدوجہد کر رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کلبھوشن یادیو جیسے افراد کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا، جبکہ ابھی نندن جیسے واقعات بھی خطے کی صورتحال کو واضح کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی فورمز پر اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا، جبکہ وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر کے باہمی تعاون سے بیانیہ کی جنگ میں بھی کامیابی حاصل کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق کا ایک سال مکمل، ’ہم ہیں بنیان مرصوص‘ ٹیزر جاری

عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا صارفین اور نوجوان نسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی میڈیا کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور پاکستان کے امن پسند تشخص کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھارت نے پاکستانی یوٹیوب چینلز بند کیے تو پاکستانیوں نے اپنے ملی نغمے اور قومی ترانے بھارت میں بھی نشر کر کے مؤثر جواب دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp