حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان بات چیت کے چوتھے دور کے لیے اجلاس کل شیڈول ہے، لیکن پی ٹی آئی نے ٹیبل پر بیٹھنے سے صاف انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب کو ٹیلیفون کرکے اجلاس میں بیٹھنے کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں حکومت سیاسی مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو کوئی ایک مثبت قدم اٹھائے، پی ٹی آئی
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر نے عمر ایوب کو ٹیلیفون کرکے کہاکہ مذاکرات سے ہی کسی بھی اختلاف کا حل ڈھونڈا جا سکتا ہے، اس لیے کل کے اجلاس میں شرکت کریں، تاہم عمر ایوب نے کہاکہ جب تک جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جاتا مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کل کے اجلاس میں شریک نہیں ہوگی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کہنے پر پی ٹی آئی نے مذاکرات کے چوتھے دور کا بائیکاٹ کیا ہے اور مطالبہ کیا جارہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے تین دور ہوچکے ہیں،جس میں تحریک انصاف نے تحریری طور پر اپنے مطالبات بھی پیش کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان فرسٹریشن کا شکار، پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے میں جلد بازی کی، حکومت
اب حکومت نے پی ٹی آئی کو جواب دینا تھا تاہم تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ مذاکرات تب آگے بڑھیں گے جب حکومت 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے گی۔