سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلع عبداللہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ جھڑپ میں دو جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ خوارج نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں پشین اور ژوب میں آپریشن، 2 خوارجی ہلاک 5 گرفتار: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس دوران دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی کی دیوار سے ٹکرا دی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 خود کش بمباروں سمیت 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان شہید ہوگئے، جن میں نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا جارہا ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں سیکیورٹی فورسز کا مستونگ میں خفیہ آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی: آئی ایس پی آر
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔