کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 5 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیریوں کو حق خوداریت ملنے تک اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت تنازع کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج 5 فروری کے دن آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں مدعو کیا گیا جو میرے لیے اعزاز ہے، آج کے دن کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ حاضر ہوا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا مظلوم کشمیریوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عزم

انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، 5 فروری محض ایک دن نہیں بلکہ یہ ہمارے پختہ عزم کی تجدید اور یقین دہانی کا دن ہے۔ انہوں نے اس موقع پر شعر پڑھا:

نعرہ ہی نہیں ایمان ہے یہ آزادی کے متوالوں کا

کشمیر کا ذرہ ذرہ ہے کشمیر کے رہنے والوں کا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خطے کے بہترین مفاد میں ہے کہ بھارت 5 اگست 2019 کی سوچ سے باہر نکلے اور بامعنی مذاکرات کرے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا نے 7 دہائیوں سے زائد عرصے میں لہو سے آزادی کی داستان لکھی، 5 فروری بھارت کو یاد دلاتا ہے کہ کشمیر اس کا حصہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت لاکھوں کی فوج میں مزید اضافہ کرتا جارہا ہے جس کے ساتھ کشمیریوں کی آزادی کی تڑپ بھی بڑھتی جارہی ہے، کشمیریوں کے آزادی کے نعرے کی شدت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

’بھارت ہوش کے ناخن لے‘

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کو آج ہوش کے ناخن لینا ہوں گے، لہو بہانے والوں کو تاریخ میں ظالم کے طور پر یاد رکھا جائے گا، بھارت اس بھول میں نہ رہے کہ کالے قوانین سے کشمیر چھین لے گا، کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، نہ اسے کشمیری مانتے ہیں اور نہ اقوام متحدہ کی قرارداد۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں، ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر کشمیریوں کے مؤقف کی بھرپور تائید کی اور آئندہ بھی دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

کشمیری عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لیے پاکستان کی حمایت میں کمی آئی اور نہ آئے گی، کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، اس مشن کو پورا کرنا ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت کرتے رہیں گے، کشمیری عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کی واحد ضمانت مستحکم پاکستان ہے، پاکستانی قیادت اور افواج کی پالیسیوں سے کشمیر کا تحفظ ممکن ہے، وزیراعظم پاکستان نے آزاد کشمیر کے سمائل کو حل کرنے کے لیے اہمیت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر، آزاد کشمیر کے عوام کا کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو عقبت خانے میں تبدیل کردیا ہے، اپنے حصے کی جنگ ہم نے ہی لڑنی ہے، دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور ہندوستان 2 ایٹمی قوتیں ہیں، افواج پاکستان ملکی دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں، مودی اور اس کا وزیر دفاع وزیراعظم آزاد کشمیر کے بیانیے پر چیخ و پکار کررہے ہیں۔

قبل ازیں، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی آمد پر وزیراعظم آزاد کشمیر  چوہدری انوارالحق نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو سلامی پیش کی اور پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بھی بجائی گئی۔

وزیراعظم نے مظفرآباد میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ بھی تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات بھی کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp