حکومت پاکستان کی دعوت پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رفائیل ماریانو گروسی، اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

وہ پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِاہتمام سیمینارز میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ لاہور میں انمول ہسپتال اور چشمہ میں جوہری توانائی سے بجلی بنانے والے پلانٹ کا دورہ بھی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرستوں کا تبادلہ
واضح رہے کہ پاکستان اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان 1957 سے اشتراک اور تعاون کا سلسلہ چل رہا ہے، پاکستان اِس وقت بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنر کا رُکن ہے۔

اس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل معمول کے مطابق رُکن ممالک کے دورے کرتے اور جوہری توانائی کے پرُامن مقاصد کے لئے استعمال کا جائزہ لیتے ہیں۔