اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی وکلا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری تھے، جنہوں نے وکلا کو لائف ٹائم ممبرشپ سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد بار کونسل کے چیئرمین ڈسپلنری کمیٹی راجہ علیم عباسی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کے اسلام آباد تبادلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خط لکھنے والے 5 ججز تاریخ میں درست سمت پر کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 نئے ججز کی تعیناتی کے بعد 2 انتظامی جج تبدیل
راجہ علیم عباسی کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ عہدوں سے کوئی بڑا نہیں ہوتا، ملکی آئین کو مسخ کیا گیا، آئین میں کمال مہارت سے ملاوٹ کی گئی، آئینی ترامیم کے نتائج آپ دیکھ رہے ہیں۔
علیم عباسی کے مطابق 26ویں آئینی ترمیم کو مستقبل میں لارجر بینچ کو بھجوایا جائے گا، اسی مقصد کے لیے سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتیاں کی گئیں، اسلام آباد بار کونسل نے سپریم کورٹ کے نئے ججز کی تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ کیا تھا۔
مزید پڑھیں:ججز کا خط بے نتیجہ نکلا، مختلف صوبوں سے 3 ججز کا اسلام آبادہائیکورٹ تبادلہ
اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر ریاست آزاد اور سیکریٹری شفقت تارڑ نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔