آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب لاہور کے شاہی قلعہ کے دیوان عام میں منعقد ہوئی، جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وزیر کھیل فیصل کھوکھر، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف ایلرڈائس کے علاوہ پاکستان کے سابق اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا کوریج پلان منظر عام پر آگیا
اتوار کو لاہور کے شاہی قلعہ کے دیوان عام میں شروع ہونے والی اس رنگا رنگ تقریب میں چیمپیئنز ٹرافی 2017 کی فاتح ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی بھی شریک ہوئے جبکہ لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں سابق فاسٹ بولر محمد عامر، اظہر علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، محمد حفیظ اور حارث سہیل بھی شریک ہوئے۔
The Alamgiri Gate lit up! 💫
The @ICC Champions Trophy curtain raiser event is underway at Diwan-e-Aam, Lahore Fort with the 2017 champions squad in attendance 📸#CT2025 | #ChampionsTrophy pic.twitter.com/oFCqBoJWyT
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) February 16, 2025
نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے 4 سفیروں میں سے ایک ٹم ساؤتھی اور جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی کے علاوہ آئی سی سی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جن میں سابق سی ای او جیف ایلرڈائس، ایونٹ ہیڈ سارہ ایڈگر اور سابق پاکستانی کرکٹر وہاب ریاض شامل ہیں۔
آئی سی سی کے سی ای او کی لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز کی بروقت تعمیرکی تعریف
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلرڈائس نے قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کی تیزی سے تعمیر نو کی تعریف کرتے ہوئے انہیں 117 دن کے اندر جدید تبدیلی قرار دیا ہے۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایلرڈائس نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کرکٹ کے لیے اپنا شوق و جذبہ ظاہر کرنے کا سنہری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اوول میں چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی فتح دیکھی اور اب میں یہاں شاندار کرکٹ دیکھنے کا منتظر ہوں۔
انہوں نے دونوں اسٹیڈیمز کے اپ گریڈڈ انفراسٹرکچر کو سراہا، خاص طور پر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی تیزی سے تکمیل کے کام کی بے حد تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف 117 دنوں میں قذافی اسٹیڈیم کی تبدیلی ایک بڑی کامیابی ہے۔
آئی سی سی کے سی ای او نے شائقین کو ایکشن سے بھرپور ٹورنامنٹ کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اگلے 2 ہفتوں میں کرکٹ کے شائقین پاکستان میں بہترین کرکٹ کے نظارے دیکھیں گے۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے ایونٹ کے لیے بڑی محنت کی، اسٹڈیمز ریکارڈ وقت میں اَپ گریڈ کیے، اسٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن میں شامل ورکرز نے بڑی محنت کی، شائقین گراؤنڈز میں آئیں اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کے کھیل سے لطف اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھیے: چیمپیئنز ٹرافی: ٹیموں پر ڈالرز کی برسات، انعامی رقوم کا اعلان کردیا گیا
چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کی شاندار ثقافت اور مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے بورڈ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستانی عوام کی گرم جوشی اور محبت کی عکاسی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تک 4 ٹیمیں پاکستان آ چکی ہیں، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 48 گھنٹوں میں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ پاکستان نے کئی دہائیوں سے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی نہیں کی ہے، اس کے لیے بہت محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے 3 ٹورنامنٹس کے انتظامات دیکھے، سب کو پاکستان آنے کی خوشی ہے۔ دُنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی 2017 کی فاتح قومی ٹیم کے کپتان محمد سرفراز نے کہا کہ جیت ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے، توقع ہے پاکستان کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
ایونٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اہم حکام بھی شرکت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم سمیت اہم شوبز انڈسٹری سے وابسطہ سٹارز بھی شرکت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان، امپائرز پینل میں پاکستانی بھی شامل
یہ تقریب آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے قبل منعقد کی جا رہی ہے جس سے شائقین کرکٹ میں بے پناہ جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے نویں ایڈیشن کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میزبان اور دفاعی چیمپیئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے میچز کی میزبانی پاکستان میں راولپنڈی، لاہور اور کراچی کریں گے۔ پاکستان کے ہر مقام پر 3 گروپ میچ کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی لاہور کرے گا۔
اگر بھارت کوالیفائی نہیں کرتا تو 9 مارچ کو ٹورنامنٹ کا فائنل بھی لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، دوسری صورت میں یہ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
دریں اثنا بھارتی ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے جہاں بنگلہ دیش پہلے ہی میگا ایونٹ کے لیے پریکٹس کر رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں 20 فروری کو آمنے سامنے ہوں گی۔
اس سے قبل ٹائیگرز 17 فروری کو پریکٹس میچ میں پاکستان کے شاہینز الیون کے خلاف مدمقابل ہوں گے۔ افغانستان کی ٹیم کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا دوسرا پریکٹس میچ کھیلے گی۔
تاہم ہمیشہ کی طرح سب سے زیادہ متوقع مقابلہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔
19 فروری سے کرکٹ شائقین یا تو اسٹیڈیم میں ہوں گے یا 19 دنوں تک اپنی ٹی وی اسکرینوں سے چپکے رہیں گے اور اس بات کا بے صبری سے انتظار کریں گے کہ کون سی ٹیم چیمیپیئن بن کر ابھرتی ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کا شیڈول
19 فروری، پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، کراچی
20 فروری، بنگلہ دیش بمقابلہ بھارت، دبئی، متحدہ عرب امارات
21 فروری، افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، کراچی
22 فروری، آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ، لاہور
23 فروری، پاکستان بمقابلہ بھارت، دبئی
24 فروری، بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ، راولپنڈی
25 فروری، آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ، راولپنڈی
26 فروری، افغانستان بمقابلہ انگلینڈ، لاہور
27 فروری، پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، راولپنڈی
28 فروری، افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا، لاہور
یکم مارچ، جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ، کراچی
2 مارچ، نیوزی لینڈ بمقابلہ بھارت، دبئی، متحدہ عرب امارات
4 مارچ، سیمی فائنل 1، دبئی، متحدہ عرب امارات
5 مارچ، سیمی فائنل 2، لاہور
9 مارچ، فائنل، لاہور (اگر بھارت کوالیفائی نہیں کرتا تو یہ دبئی میں کھیلا جائے گا)
10 مارچ، ریزرو ڈے