آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں بھارت کا ترانہ چل گیا، جس پر پی سی بی نے آئی سی سی سے وضاحت طلب کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں بھارتی ترانہ کیسے چلا؟
یہ بھی پڑھیں ’پاک انڈیا میچ یا جنگ؟‘ ٹین اسپورٹس کے مثبت اشتہار نے شائقین کے دل جیت لیے
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ترانے کی پلے لسٹ آئی سی سی نے تیار کی، اور بھارت کے پاکستان آکر نہ کھیلنے کے باوجود پلے لسٹ میں بھارت کا ترانہ رکھا گیا۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں ترانہ چلانا آئی سی سی کی ذمہ داری تھی، جیسے کسی بھی میچ سے قبل آئی سی سی کی جانب سے متعلقہ ٹیموں کے ترانے چلائے جاتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے معاملے پر آئی سی سی سے رابطہ کرتے ہوئے معاملے پر وضاحت مانگ لی ہے۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ آئی سی سی نہ صرف پاکستان بلکہ ہر کسی کو اس غلطی پر وضاحت دے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے جس کے باعث ہر چیز کی ذمہ داری انہی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی: انگلینڈ کے بیٹر بین ڈکٹ نے 21 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
واضح رہے کہ آج آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ سے قبل آسٹریلیا کے ترانے کے بجائے کچھ لمحات کے لیے بھارت کا ترانہ چل گیا تھا۔