بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کی، تاہم سابق کپتان بابر اعظم نے پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم آج روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کی تیاری کے لیے اسٹیڈیم میں پہنچی اور رنگ آف فائر میں پریکٹس کی۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی: پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا کتنا امکان ہے؟
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے آج کے پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے ہوٹل میں ہی فزیکل ٹریننگ کی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپیئنز ٹرافی کا میچ کل دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کل دبئی میں ہونے والے میچ کے دوران بارش کے خطرات برقرار ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات اور پیر کی صبح جزوی طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں دباؤ کو بھول کر کچھ کرکے دکھائیں، پاک بھارت ٹاکرے سے قبل ہیڈ کوچ کا قومی ٹیم کو پیغام
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر دبئی میں بارش ہوئی تو بہت کم وقت کے لیے ہوگی جس سے میچ کے متاثر ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔