ملک کسی سیاسی لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا، مل کر کام کرنا ہوگا، احسن اقبال

پیر 24 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت ہمیں کسی سیاسی لانگ مارچ نہیں اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مستقبل کی کنجی ہمارے مل کر کام کرنے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں بانی پی ٹی آئی آرمی چیف کو بار بار خط لکھ کر سیاست میں شامل کرنا چاہتے ہیں، احسن اقبال

احسن اقبال نے کہاکہ اس وقت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، برآمدات میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، جبکہ پالیسی ریٹ بھی نیچے آیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ برآمدات میں اضافے کے لیے سستی توانائی کا حصول ترجیح ہے اور حکومت اس کے لیے سنجیدہ کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ برآمدات میں اضافہ کرنے میں سندھ حکومت کا بڑا ہاتھ ہے، ہم آئندہ 4 سال مل کر آگے چلیں گے اور مل کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔

احسن اقبال نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا بھی ترجیحات میں شامل ہے، تھر کا علاقہ پاکستان کی توانائی کا مرکز بن رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں آبادی میں اضافہ بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے، ہمیں آبادی کے تناسب سے وسائل کو بڑھانا ہوگا، بہت سے ممالک نے آبادی پر قابو پا کر ترقی کی۔

انہوں نے کہاکہ ہم ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

آئین کے تحت برابری کی سطح پر وسائل کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے، مراد علی شاہ

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ آئین کے تحت برابری کی سطح پر وسائل کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔

مراد علی شاہ نے کہاکہ یہ بات درست ہے کہ سسٹم میں پانی موجود نہیں، نگراں دور حکومت میں ارسا نے غلط فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں دریائے سندھ پر مزید نہروں کا منصوبہ کالا باغ ڈیم کی طرح متنازع ہوجائے گا، بلاول بھٹو

انہوں نے کہاکہ سسٹم میں پانی موجود نہیں اس لیے یہ کینالز نہیں بن سکتیں، کینالز کے حوالے سے پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کا مؤقف واضح ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل کی میٹنگ میں اپنی بات سامنے رکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp