جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسرائیلی فوج کی بمباری میں بے گھر ہونے والے فلسطینی بھائیوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کردی۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان قطر پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے حماس رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں اسرائیل نے 602 فلسطینیوں کی رہائی مؤخر کردی، حماس کا شدید ردعمل
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور حماس رہنماؤں کے درمیان ملاقات وفود کی سطح پر ہوئی ہے۔ جے یوآئی وفد کی قیادت مولانا فضل الرحمان نے کی جبکہ حماس کی مجلس شوریٰ کے سربراہ ابو عمر وفد کی قیادت کررہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں غزہ و فلسطین کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اور مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ فلسطین ایک آزاد ریاست ہے، اسرائیلی قبضے کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔ مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کے لیے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔
اس موقع پر حماس کی مجلس شوریٰ کے سربراہ نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔ مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی امت مسلمہ کی طرف سے فرض کفایہ ادا کررہی ہے۔
ابو عمر نے کہاکہ گھروں کی تعمیر، خیموں، دوائیوں اور رمضان میں سحر وافطار کے لیے پاکستانی عوام اور امت مسلمہ سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے فلسطینی بھائیوں سے بھرپور تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اسرائیلی جیلوں سے رہا فلسطینی قیدیوں کی میزبانی پر آمادہ ہوگیا، حماس کا دعویٰ
ترجمان کے مطابق جے یو آئی وفد میں مولانا راشد محمود سومرو اور مفتی ابرار احمد شامل تھے۔