پنجاب حکومت کی جانب سے اخبارات کو فرنٹ پیج کے لیے جاری کیے گئے کارکردگی اشتہارات پر رانا ثنااللہ بھی بول پڑے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فرنٹ پیج پر اشتہارات کے حوالے سے مریم اورنگزیب سے بات کروں گا۔ ان کے ہوتے ہوئے ایسے نہیں ہونا چاہیے تھا۔
یہ بھی پڑھیں مریم نواز کی ایک برس کی کارکردگی پر اشتہار، ’جن اخبارات نے اشتہار چھاپا ان پر پیکا نہیں لگتا؟‘
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ملک کے بڑے اخبارات کو فرنٹ پیج کے لیے اشتہار جاری کیا گیا ہے، جس کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا کہ وہ بالکل اخبار کے فرنٹ پیج کی شکل میں ہے، تاہم اس پر حکومت کی کارکردگی سے متعلق خبریں شائع ہیں۔
پنجاب حکومت نے اب تک جتنے منصوبوں کا اعلان کیا ہے یا پایہ تکمیل تک پہنچائے ہیں اس حوالے سے مریم نواز کے بیانات اس اشتہار کا حصہ ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اس اشتہار پر عوام کی جانب سے جہاں حکومت پر تنقید کی جارہی ہے وہیں میڈیا ہاؤسز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ اس سے قبل 8 فروری کو حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر بھی ایسا ہی اشتہار جاری کیا گیا جو پورے پیج پر مشتمل تھا۔
یہ بھی پڑھیں وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کرکٹ پر اشتہار: “اب مریم کے ہاتھوں 92 کا ورلڈکپ جتوانا رہ گیا ہے‘‘
اس کے علاوہ گزشتہ برس 8 فروری کو مسلم لیگ ن نے اخبارات کو فرنٹ پیج کے لیے ایسا ہی اشتہار جاری کیا تھا جس میں شہ سرخی پر وزیراعظم نواز شریف لکھا گیا تھا، تاہم انتخابات کے بعد وزارت عظمیٰ کا تاج شہباز شریف کے سر سج گیا۔