گورنر بلوچستان سے نیدر لینڈ کے سفیر کی ملاقات

بدھ 26 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے پاکستان میں تعینات نیدر لینڈ کی سفیر (Mrs. Henny de Vries) نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور نیدرلینڈ کے خوشگوار تعلقات اور خطے میں رونما ہونے والی سیاسی و معاشی تبدیلیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ دونوں ممالک کے درمیان کئی نئے شعبوں میں مزید تعلقات قائم کرنے کے روشن امکانات موجود ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی صورتحال گمبھیر ہوتی جا رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے زیر زمین پانی کی سطح اوپر لانے کے لیے مختلف اضلاع میں ڈیمز تعمیر کرانے کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان حکومت نے صوبے سے متعلق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا بیان مسترد کردیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو خوش آئند ہے لیکن تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ایک چیلنج بھی ہے۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے۔ یہاں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے پیش نظر ہمیں حصول تعلیم کے ساتھ جدید مہارتیں سکھانے پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ اس کے لیے صوبہ بھر میں تمام فنی و تیکنیکی اداروں کو فعالیت اور 11 پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں آئی ٹی کورسسز شروع کرانا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ بلوچستان کی بڑی آبادی آج زراعت سے وابستہ ہے، توانائی کی کمی پر سولر انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے سے بآسانی قابو پایا جا سکتا ہے۔

گورنر نے کہا کہ اپنی نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور کوالٹی ایجوکیشن کو آگے بڑھانے میں ترقی ممالک اور انٹرنیشنل اداروں کی رہنمائی اور معاونت مددگار ثابت ہوگی۔ آخر میں گورنر بلوچستان اور نیدرلینڈ کی سفیر کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp