آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں آسٹریلیا کی شکست کے بعد اسٹیو اسمتھ نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارت کیخلاف دبئی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں سب زیادہ اسکور کرنے والے آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے میچ ہارنے کے بعد ساتھیوں سے کہا کہ وہ ون ڈے کرکٹ سے فوری ریٹائر ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل، بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسٹیو اسمتھ ٹیسٹ اور ٹی20 کے لیے دستیاب رہیں گے۔
2010 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بطور اسپن بولنگ آل راؤنڈر ڈیبیو کرنے کے بعد، اسٹیو اسمتھ نے 170 ون ڈے میچز کھیل کر 43.28 کی اوسط سے 5800 رنز بنائے ہیں، جس میں 12 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے 34.67 کی اوسط سے 28 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کی وجہ کیا ہے؟ آسٹریلوی کپتان نے بتادیا
آسٹریلیا کی 2015 اور 2023 آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کے رکن، اسٹیو اسمتھ 2015 میں ون ڈے ٹیم کے کپتان بنے اور چیمپیئنز ٹرافی کے دوران زخمی پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں عبوری بنیادوں پر اپنے آخری میچ میں کپتانی کے فرائض بھی انجام دیے۔
اسٹیو اسمتھ نے دبئی میں بھارت کے خلاف سیمی فائنل کھیلا جب اس نے خشک پچ پر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ مشکل پچ پر آسٹریلیا کو آگے بڑھاتے ہوئے، اسمتھ نے 96 گیندوں پر 73 رنز بنائے، مجموعی طور پر آسٹریلیا نے 265 رنز کا ہدف دیا جسے حاصل کرتے ہوئے آخر کار بھارت مسلسل تیسری مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہا۔
مزید پڑھیں: پہلا سیمی فائنل: بھارتی کھلاڑیوں نے بازؤوں پر سیاہ پٹیاں کیوں باندھیں؟
اپنے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ یہ ایک زبردست تجربہ رہا جس کا ہر لمحہ انہیں پسند آیا۔ ’بہت سارے حیرت انگیز مواقع اور یادیں رہی ہیں، بہت سے شاندار ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ، جو اس سفر میں شریک رہے، 2 ورلڈ کپ جیتنا ایک بہت بڑی بات تھی۔‘
’اب لوگوں کے لیے 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاری شروع کرنے کا ایک بہترین موقع ہے اس لیے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ راستہ دینے کا صحیح وقت ہے، ٹیسٹ کرکٹ ایک ترجیح بنی ہوئی ہے اور میں واقعی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، موسم سرما میں ویسٹ انڈیز اور پھر گھر پر انگلینڈ کا منتظر ہوں۔‘
مزید پڑھیں:چیمپیئنز ٹرافی، فائنل کے تمام ٹکٹس 40 منٹس میں فروخت، پاکستانی کتنے کروڑ روپے حاصل ہوئے؟
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ 2015 اور 2021 میں آسٹریلیا کے مردوں کے ون ڈے انٹرنیشنل کیٹگری میں پلیئر آف دی ایئر تھے جبکہ 2015 میں آئی سی سی مینز ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم آف دی ایئر کے رکن بھی رہے ہیں۔