پنجاب میں زیادہ ریونیو اکٹھا کرنے والے محکمہ ایکسائز کے افسران کو بطور انعام الیکٹرک گاڑیاں دینے کا فیصلہ؟

جمعہ 22 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ ایکسائز پنجاب گزشتہ 3 برس سے مسلسل 100 فیصد ہدف حاصل کر رہا ہے اور رواں مالی سال 2025-26 میں بھی مکمل وصولی یقینی بنانے کی توقع ہے۔ رواں مالی سال کے لیے محکمہ کا مجموعی ریونیو ہدف 70 سے 73 ارب روپے کے قریب مقرر کیا گیا ہے۔ مالی سال کے پہلے 10 ماہ، جولائی تا اپریل، میں محکمہ نے اچھی پیش رفت کی ہے اور گزشتہ مالی سال 2024-25 میں پہلی بار 50 ارب روپے کا ہدف عبور کرتے ہوئے 53.6 ارب روپے اکٹھے کیے تھے، جو محکمہ کی تاریخ کا ریکارڈ تھا۔

محکمے نے 11 ماہ میں 73 ارب روپے کے ہدف میں سے 72 ارب روپے کی وصولی کر لی ہے۔ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ صوبہ بھر میں 15 ہزار سے زائد کمرشل ڈیفالٹر پراپرٹیز کو سیل کیا جا چکا ہے اور ڈومیسٹک ڈیفالٹرز کو قرقی کے نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن مزید آسان بنادی گئی، مگر کیسے؟

محکمہ ایکسائز نے ہدف حاصل نہ کرنے والے انسپکٹرز اور ای ٹی اوز کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے انہیں عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ محکمانہ تقرر و تبادلوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ہفتہ وار چھٹی کے دن بھی 50 فیصد عملہ دفاتر میں موجود رہے گا، جبکہ موٹر ٹیکس کی وصولی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندیاں کی جا رہی ہیں۔

ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ پروفیشنل ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کے لیے ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں گی، جبکہ اس وقت ریجنل ڈائریکٹرز اور ای ٹی اوز خود بھی فیلڈ میں جا کر ریکوری مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے فیلڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے اور ریونیو اہداف کے حصول کے لیے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کے لیے انعامی اسکیم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت بہترین پرفارمنس والے انسپکٹرز میں 200 الیکٹرک بائیکس تقسیم کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید گاڑیوں کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار بسرا نے ٹاپ پرفارمر انسپکٹرز کو ای بائیکس کی چابیاں تقسیم کیں۔

سیکرٹری ایکسائز کے مطابق 50 خواتین افسران اور 150 انسپکٹرز کو ای بائیکس فراہم کی گئی ہیں، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے 20 ای ٹی اوز کو سنگل کیبن ڈالہ گاڑیاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال میں مزید گاڑیاں اور ای بائیکس افسران و اہلکاروں میں تقسیم کی جائیں گی تاکہ فیلڈ میں ٹیکس وصولی کا عمل تیز ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیے پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں 95 فیصد کمی کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ یہ سہولیات افسران کو فیلڈ آپریشنز میں آسانی فراہم کریں گی اور ٹیکس کلیکشن کے اہداف حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

یہ انعامی اسکیم محکمہ کے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے متعارف کرائی گئی ہے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے ٹیکس وصولی، رجسٹریشن اور انفورسمنٹ کے کاموں کو بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔ سیکرٹری ایکسائز کا واضح پیغام ہے کہ بہتر کارکردگی کا براہِ راست تعلق بہتر سہولیات سے ہے۔

محکمہ ایکسائز پنجاب صوبائی خزانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ شفافیت، کارکردگی اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی بھی یقینی بنے گی۔ آئندہ مالی سال میں اس اسکیم کو مزید وسعت دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp