جدہ میں اسلامی تعاؤن تنظیم کا ہنگامی اجلاس، غزہ کی بحالی سے متعلق مصر کے منصوبے کی حمایت

ہفتہ 8 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کا جمعہ کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ غزہ منصوبے کے متبادل عرب تجویز کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔

او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے غزہ سے متعلق مصر کے پیش کیے گئے اس تجویز کی حمایت کی، جسے بعدازاں، عرب لیگ نے بھی منظور کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: غزہ کی تعمیر نو سے متعلق مصر کی تجویز پر پاکستان کا خیر مقدم

مذکورہ منصوبے میں ٹرمپ کے غزہ پلان کے برعکس فلسطینیوں کو ان کے علاقے سے بے دخل کیے بغیر فلسطینی اتھارٹی کی زیر نگرانی غزہ کی بحالی پر اتفاق ہوا ہے۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک بیان میں سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے کہا کہ ’میں غزہ کی تعمیر نو کے اس منصوبے کی حمایت کرتا ہوں جو عرب سمٹ کی طرف سے اپنایا گیا، فلسطینی عوام کے اپنی سرزمین پر رہنے کے حق کا احترام کیا جانا چاہیے۔‘

مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العتی نے او آئی سی میں اپنے ملک کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے اس پر اتفاق رائے قائم کرنے میں کامیاب ہوا تاکہ یہ منصوبہ عرب دنیا سے بڑھا کر غزہ سے متعلق ’اسلامی منصوبہ‘ بنایا جائے۔

یہ اجلاس خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوا ہے، خاص طور پر اسرائیل کے حالیہ فیصلے کے بعد کہ اس نے رمضان کے دوران غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کو روک دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: غزہ کی تعمیر نو کے لیے عرب ممالک کے منصوبے پر اسرائیل کی تنقید، حماس کا خیر مقدم

اس سے قبل عرب ممالک کے اجلاس میں پیش ہونے والے اس منصوبے کو اسرائیل نے مسترد کردیا تھا جبکہ حماس نے اسے خوش آئند قرار دیا۔ دوسری طرف وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ عرب ممالک کا یہ منصوبہ غزہ کی زمینی حقائق کے مطابق نہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی اپنے موقف پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے بیان کو عالمی طور پر شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کئی ممالک نے اس منصوبے کو فلسطین میں تنازع کو ہوا دینے کے مترادف قرار دے کر مسترد کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp