غزہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے اسرائیل اپنا وفد قطر بھیجنے کے لیے تیار

اتوار 9 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل حماس کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنا وفد قطر کے دارالحکومت دوحہ بھیجنے کے لیے تیار ہوگیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے ہفتے کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق یہ وفد پیر کے روز دوحہ پہنچے گا جہاں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی تجدید اور حماس کے زیر حراست اسرائیلی یرغمالیوں کے رہائی کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: جدہ میں اسلامی تعاؤن تنظیم کا ہنگامی اجلاس، غزہ کی بحالی سے متعلق مصر کے منصوبے کی حمایت

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے امریکا کی حمایت سے ثالثی کرنے والے ممالک کی دعوت قبول کر لی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز حماس نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کے حوالے سے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔

حماس کے ترجمان عبداللطیف القانو نے ایک پریس بیان میں کہا تھا کہ مصری اور قطری ثالثوں کی کوششیں جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کو مکمل کرنے اور اس کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات شروع کرنے کے لیے جاری ہیں، اور اس سمت میں مثبت اشارے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp