امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر یمنی حوثیوں کی جانب سے مزید حملے کیے گئے تو ایران کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، آئندہ اگر حوثی کوئی حملہ کرتے ہیں تو اس کی ذمہ داری ایران پر عائد ہوگی۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ آج کے بعد اگر حوثی ایک گولی بھی چلاتے ہیں تو ہم سمجھیں گے کہ یہ ایرانی ہتھیار ہیں اور چلانے والی ایرانی قیادت ہے۔
یہ بھی پڑھیں دباؤ کے بغیرامریکا سے مذاکرات کو تیار ہیں، ایران
امریکی صدر نے کہاکہ اب کسی بھی کارروائی کا ذمہ دار ایران ہوگا جس کے اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
دوسری جانب امریکی حملوں کے بعد حوثی رہنما عبدالمالک الحوثی کی جانب سے دی گئی کال پر یمن کے مختلف شہریوں میں ریلیاں نکالی گئیں، جن میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاجی ریلیوں میں شریک مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں 35 ایرانی کمپنیوں پر پابندی عائد، امریکا کا ایران سے شام میں عدم مداخلت کا مطالبہ
امریکا مخالف احتجاج میں شریک افراد نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی، انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔