جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیئررہنما حافظ حسین احمد انتقال کرگئے ہیں۔
بدھ کی شام بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جمیعت علما اسلام ف کے سنیر رہنما اور سابق سینٹر حافظ حسین احمد انتقال کرگئے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور انتقال کرگئے
خاندانی ذرائع کے مطابق حافظ حسین احمد کی طبیعت گھر میں ناساز ہوئی جس کے بعد انہیں ہنگامی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے،حافظ حسین احمد طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا حافظ حسین احمد کے انتقال پر اظہار تعزیت
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے معروف عالمِ دین اور سینئر سیاستدان حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر )پر اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حافظ حسین احمد کی وفات ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے وہ نہ صرف جید عالمِ دین اور باوقار سیاستدان تھے بلکہ اپنی حق گوئی اور اصول پسندی کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے مرحوم کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سادگی، بردباری اور علمی گہرائی ہمیشہ متاثر کن رہی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
مولانا فضل الرحمان کا اظہار تعزیت
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سینیئر سیاستدان حافظ حسین احمد کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حافظ حسین احمد کی وفات سے حسین یادوں کا ایک باب ختم ہوگیا، حافظ حسین احمد مرحوم زیرک ،حاضر جواب اور نظریاتی پارلیمانی رہنما تھے۔
حافظ حسین احمد کون تھے؟
جمیعت علماء اسلام (ف) کے سینیئر رہنما حافظ حسین احمد کی پیدائش 1951 میں وادی کوئٹہ میں ہوئی، انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی جس میں اسلامی ادب، قرآن، حدیث اور فقہ کے علوم میں مہارت حاصل کی جبکہ انہوں نے روایتی درس نظامی کا کورس بھی کر رکھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل افتخار احمد سروہی انتقال کر گئے
حافظ حسین احمد نے اپنے سیاسی سفر کا اغاز 1973 میں زمانہ طالب علمی کے دوران کیا۔ اپنی سیاسی جد وجہد میں وہ جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی اور مرکزی عہدوں پر فائز رہے جبکہ انہوں نے پاکستان نیشنل الائنس میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔
اپنے سیاسی سفر کے دوران 1988 سے 1990 تک مستونگ سے رکن قومی اسمبلی رہے، 1991 سے 1994 کے دوران سینیٹ کے ممبر رہے جبکہ 2002 سے 2007 تک رکن قومی اسمبلی کے فرائض سر انجام دیے۔