برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پروازیں ایک دن تعطل کا شکار رہنے کے بعد جزوی طور پر بحال ہوگئی ہیں۔
ہفتے کے روز ہیتھرو ایئرپورٹ مسافر بردار طیاروں کے لیے دوبارہ سے فعال ہوگیا تاہم 9 پروازوں کو آج بھی منسوخ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آتشزدگی کے باعث برطانیہ کا ہیتھرو ائیرپورٹ بند، عالمی پروازوں کا شیڈول متاثر
ہیتھرو ایئرپورٹ کے قریب واقع الیکٹریکل سب اسٹیشن میں جمعے کو ہونے والی بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے باعث انتظامیہ نے لندن کے اس اہم ایئرپورٹ کو مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پروازوں کے نظام الاوقات میں خلل پڑا۔
ہیتھرو ایئر پورٹ غیرفعال ہونے سے تقریباً ایک ہزار پروازیں منسوخ جبکہ 2 لاکھ کے قریب مسافر متاثر ہوئے تھے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق الیکٹریکل سب اسٹیشن میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات برطانیہ کی انسداد دہشتگردی پولیس کررہی ہے تاہم اب تک کی تحقیقات میں واقعے میں کسی مجرمانہ سرگرمی کے شواہد نہیں ملے ہیں۔