بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن جدید دور میں داخل، بوئنگ سے بڑا معاہدہ

جمعرات 30 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کی قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے اپنے بیڑے میں توسیع اور جدید بنانے کے لیے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے 14 نئے طیاروں کی خریداری کا اعلان کیا ہے۔

مذکورہ اعلان کے مطابق یہ بنگلہ دیشی ایئرلائن کمپنی کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

اس آرڈر میں بڑی اور درمیانی جسامت والے دونوں اقسام کے طیارے شامل ہیں، جن کا مقصد طویل فاصلے اور علاقائی پروازوں کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش دنیا کا 33واں جوہری توانائی استعمال کرنے والا ملک بن گیا

معاہدے کے تحت ایئرلائن 8 جدید بوئنگ 787-10 ڈریم لائنرحاصل کرے گی، جو پہلی بار اس کے بیڑے میں شامل ہوں گے اور زیادہ تر مشرق وسطیٰ کے مصروف روٹس پر استعمال ہوں گے۔

اس کے علاوہ 2 بوئنگ 787-9 طیارے یورپ اور شمالی امریکا کے طویل روٹس کے لیے خریدے جائیں گے، جبکہ 4 بوئنگ 737-8 طیارے بھی شامل کیے جائیں گے.

جو 737 میکس سیریز میں بنگلہ دیشی ایئرلائن کی پہلی خریداری ہوں گے۔

ایئرلائن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او کائزر سہیل احمد کے مطابق جدید اور کم ایندھن استعمال کرنے والے طیاروں کی شمولیت سے آپریشنل کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

’اس سے بین الاقوامی نیٹ ورک کو وسعت ملے گی، جس سے عالمی ہوا بازی کے شعبے میں بنگلہ دیش کی حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔‘

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش میں دہشتگردی کا خطرہ، ایئرپورٹس سمیت اہم مقامات پر سیکیورٹی سخت کردی گئی

اس وقت بیمن بنگلہ دیش کے بیڑے میں 14 بوئنگ طیارے شامل ہیں، جن میں 787-8، 787-9، 777 اور نیکسٹ جنریشن 737 شامل ہیں۔

نئے 787-10 طیاروں کی آمد سے مسافروں اور کارگو کی گنجائش بڑھے گی جبکہ فی نشست لاگت کم ہوگی، جس سے یہ دنیا کے مؤثر ترین طیاروں میں شامل ہو جائیں گے۔

نئے 737-8 طیارے علاقائی پروازوں، خصوصاً مشرق وسطیٰ، بھارت اور جنوب مشرقی ایشیا کے لیے رابطوں کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔

مزید پڑھیں: امریکا میں 2 بنگلہ دیشی طلبا کے قتل پر بنگلہ دیش کا فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ

787 اور 737 میکس سیریز کے طیارے پرانے ماڈلز کے مقابلے میں 20 سے 25 فیصد تک زیادہ ایندھن کی بچت فراہم کرتے ہیں۔

فی الحال بیمان بنگلہ دیش ڈھاکہ سے 22 بین الاقوامی مقامات کے لیے پروازیں چلاتی ہے، جن میں مشرق وسطیٰ، جنوبی و جنوب مشرقی ایشیا اور یورپ کے اہم شہر شامل ہیں۔

اس کا طویل ترین روٹ ڈھاکہ سے ٹورنٹو تک استنبول کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔

بوئنگ کے اندازوں کے مطابق آئندہ 2 دہائیوں میں جنوبی ایشیا میں بڑے طیاروں کا بیڑا 3 گنا سے زیادہ بڑھنے کی توقع ہے، جس میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی سفری طلب اہم کردار ادا کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp