امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق نائب صدر کملا ہیرس اور سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سمیت کئی افراد سے سیکیورٹی کلیئرنس واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں نے یہ طے کیا ہے کہ قومی مفاد میں یہ افراد خفیہ معلومات تک رسائی کے مستحق نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سکولوں کا نظام انتہائی گر چکا، صدر ٹرمپ کا امریکی محکمہ تعلیم بند کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں ہیلری کلنٹن اور گزشتہ سال کاملا ہیرس کے خلاف الیکشن لڑ کر انہیں شکست دی تھی۔
ناقدین اس فیصلے کو نومنتخب امریکی صدر کی طرف سے اپنے ڈیموکریٹک پارٹی کے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
کملا ہیرس اور ہیلری کلنٹن کے علاوہ سابق ریپبلکن نمائندہ لیز چینے، بائیڈن دور میں وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور فیونا ہل بھی ان افراد میں شامل ہیں جن سے سیکیورٹی کلیئرنس واپس لی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: صدر ٹرمپ کے جج کیخلاف توہین آمیز ریمارکس پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس برہم
سیکیورٹی کلیئرنس چھن جانے سے یہ افراد خفیہ دستاویزات تک رسائی اور انٹیلجنس بریفنگز میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن سے سیکیورٹی کلیئرنس واپس لے لی تھی جس کے بعد وہ انٹیلجنس تک رسائی کے حق سے محروم ہوگئے تھے۔